سمت بھارگو
راجوری //خطہ پیر پنچال کو وادی کشمیر سے جوڑنے والی تاریخی مغل شاہراہ کو مکمل طور پر بحال کردیا گیا اور شوپیان سے پیر کی گلی تک برف اور پسیاں ہٹانے کے بعد گاڑیوں کی آمد و رفت کو اجازت دی گئی۔ گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے کھولے جانے کے بعد پہلے دن مغل روڈ پر پونچھ سے شوپیان تک70 گاڑیوں کے ساتھ ٹریفک کی معمول کی روانی درج کی گئی ۔گزشتہ سال نومبر سے یہ سڑک 7 ماہ سے زیادہ عرصے تک بند رہی اور جمعہ کو ضلع مجسٹریٹ پونچھ کے حکم کے بعد اسے کھول دیا گیا۔ڈی ایس پی ٹریفک راجوری پونچھ رینج محمد نواز نے بتایا کہ ہفتہ کو سڑک پر گاڑیوں کی آمد و رفت مکمل طور پر معمول کے مطابق تھی اور پونچھ سے شوپیان کی طرف ٹریفک جاری رہا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اگرچہ ابتدائی دنوں میں سڑک پر چلنے والی گاڑیوں کی تعداد کم ہے اور ہفتہ کو 70 گاڑیاں چلیں۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ آغاز اور کٹ آف ٹائمنگ پر عمل کریں اور اسی کے مطابق اپنے سفر کی منصوبہ بندی کریں۔سڑک پر سفر کا آغاز اور منقطع وقت صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک ہے۔