رمیش کیسر
نوشہرہ//نوشہرہ سب ڈویژن کے گاؤں راجپور بھاٹہ کے عوام نے حکومت سے قلعہ درہال تحصیل میں پرائمری ہیلتھ سینٹر کی منظوری دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ مقامی افراد کے مطابق، اس تحصیل میں صحت کی سہولیات کا شدید فقدان ہے، اور پرائمری ہیلتھ سینٹر کی عدم موجودگی کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ قلعہ درہال تحصیل میں پرائمری ہیلتھ سینٹر کی منظوری نہ ہونے کی وجہ سے صحت کی بنیادی سہولتوں سے محرومی کا سامنا ہے۔ یہاں کی آبادی ہزاروں میں ہے، اور لوگوں کو صحت سے متعلق ضروری خدمات حاصل کرنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ مقامی افراد نے بتایا کہ حکومت نے سال 2014 میں تحصیل ہیڈ کوارٹر کا قیام عمل میں لایا تھاتاہم اس کے بعد سے کسی بھی سرکاری دفتر یا صحت کے مراکز کی منظوری نہیں دی گئی ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق، نوشہرہ ہسپتال تک 30 کلومیٹر سے زائد کا سفر کرنا پڑتا ہے، اور وہاں تک پہنچنے کے لیے مسافر گاڑیوں کی کمی ہے۔ اگر کسی شخص کو علاج کی ضرورت ہوتی ہے تو اسے وقت پر گاڑی نہ ملنے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اور اس سے صحت کی حالت مزید بگڑ سکتی ہے۔عوام کا کہنا ہے کہ پرائمری ہیلتھ سینٹر کا قیام یہاں کے لوگوں کے لئے انتہائی ضروری ہے تاکہ وہ اپنی صحت سے متعلق ضروری سہولتیں اپنے گاؤں میں ہی حاصل کر سکیں۔ پہنچنے کی مشکل اور مسافر گاڑیوں کی کمی کے سبب، قلعہ درہال کے لوگوں کی زندگی مزید دشوار ہو گئی ہے۔مقامی افراد نے جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ اور وزیر صحت سے درخواست کی ہے کہ قلعہ درہال تحصیل میں پرائمری ہیلتھ سینٹر کی منظوری دی جائے، جس کا وہ برسوں سے مطالبہ کرتے آ رہے ہیں۔