رمیش کیسر
نوشہرہ//نوشہرہ سب ڈویژن کے ناریاں گاؤں میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق ان کے گاؤں میں پانی کی سپلائی مہینے میں محض دو یا تین بار فراہم کی جا رہی ہے، جس کے سبب انہیں طرح طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مقامی باشندوں نے بتایا کہ وہ اس سنگین مسئلے کو لے کر کئی بار محکمہ پی ایچ ای (PHE) کے خلاف احتجاجی مظاہرے کر چکے ہیں، مگر ان مظاہروں کا کوئی خاطر خواہ نتیجہ برآمد نہیں ہوا۔ گاؤں کے لوگ اس بات پر حیران ہیں کہ ان کا علاقہ دریا مناور کے کنارے واقع ہونے کے باوجود پینے کے پانی سے محروم ہے۔ناریاں گاؤں کے مکینوں کا کہنا ہے کہ پانی کی عدم دستیابی سے ان کی روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ خواتین اور بچوں کو دور دراز سے پانی لانے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے، جبکہ پانی کی قلت کی وجہ سے صحت اور صفائی کے مسائل بھی بڑھتے جا رہے ہیں۔اس معاملے پر جب محکمہ پی ایچ ای کے اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ معمول کے مطابق پانی کی سپلائی جاری ہے تاہم، اگر عوام کو واقعی کسی قسم کی پریشانی ہو رہی ہے تو وہ خود موقع پر جا کر صورتحال کا جائزہ لیں گے اور مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ناریاں کے مکینوں نے محکمہ پی ایچ ای کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں پینے کے صاف پانی کی متواتر اور بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کی پریشانیوں کا ازالہ ہو سکے۔ لوگوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر ان کا یہ بنیادی مسئلہ جلد حل نہ کیا گیا تو وہ دوبارہ بڑے پیمانے پر احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔