رمیش کیسر
نوشہرہ // سب ڈویژن نوشہرہ کے دبڑ پوٹھہ علاقہ کے صارفین گزشتہ کئی عرصہ سے علاقہ میں جموں وکشمیر بینک کی شاخ کے قیام کا مطالبہ کررہے ہیں لیکن ابھی تک مذکورہ علاقہ میں بینک کی شاخ قائم کرنے کی جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیاگیا ۔مکینوں نے بتایا کہ علاقہ میں بینک شاخ قائم نہ ہونے کی وجہ سے ملحقہ علاقوں کی 5پنچایتوں کے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔غور طلب ہے کہ سب ڈویژں کے مذکورہ پسماندہ علاقہ میں اس وقت ہزاروں کی تعداد میں صارفین رہائش پذیر ہیں ۔مکینوں نے جموں وکشمیر بینک حکام کیساتھ ساتھ ضلع انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس وقت متعدد علاقوں میں بینک شاخیں کھولی گئی ہیں لیکن دبڑ پوٹھہ میں بینک کی شاخ قائم کرنے کیلئے گزشتہ کئی برسوں سے مانگ کی جارہی ہے لیکن متعلقہ حکام کی جانب سے اس مانگ کو سنجیدگی کیساتھ نہیں لیا جارہا ہے ۔صارفین نے بتایا کہ وہ بینکوں میں جانے کیلئے 15کلو میٹر سے زائد کی مسافت طے کرنے پر مجبور ہیں جبکہ اب و ہ دیگر علاقوں میں قائم بینکوں میں جا کر گھنٹوں قطاروں میں انتظار کرنے پر مجبور ہیں ۔بالا رام ،شراون کمار ،پون کمار ،ستیاش وید کمار ،نورحسین ،محمد ریاض و دیگران نے بتایا کہ وہ کئی برسوں سے جموں وکشمیر بینک حکام سے مانگ کررہے ہیں لیکن ابھی تک کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں صارفین کی سہولیت کیلئے بینک شاخ کا قیام عمل میں لایا جائے ۔
نوشہرہ کے دبڑ پوٹھہ علاقہ میں بینک شاخ قائم نہ ہوسکی | 5پنچایتوں کے ہزاروں صارفین پریشان ،حکام سے توجہ کی اپیل