رمیش کیسر
نوشہرہ//نوشہرہ پولیس نے منشیات کے کاروبار کے خلاف ایک بڑی کارروائی انجام دیتے ہوئے 8.57 ملین مالیت کی جائیداد کو ضبط کر لیا ہے۔ یہ کارروائی 20 جون کو مجسٹریٹ درجہ اول کی نگرانی میں این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 68-ایف ایف کے تحت انجام دی گئی۔پولیس نے کارروائی کے دوران ایک رہائشی مکان اور رجسٹریشن نمبر JK11G5056 والی موٹر سائیکل کو ضبط کیا، جو کہ ساجن کمار عرف وکی، ولد اوم پرکاش، ساکن سیر گلہ، تحصیل نوشہرہ، ضلع راجوری کی ملکیت ہے۔یہ ضبطگی پولیس اسٹیشن نوشہرہ میں درج ایف آئی آر نمبر 178/2024 کے تحت عمل میں لائی گئی، جو این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات 8، 21، 22، 27-اے، 29 اور این بی ایس کی دفعہ 11، 238 کے تحت درج ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کا مقصد نہ صرف مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لانا ہے، بلکہ ان کے مالی نیٹ ورک کو بھی توڑنا ہے، تاکہ منشیات کا کاروبار جڑ سے ختم ہو۔نوشہرہ پولیس کی اس کارروائی کو مقامی عوام کی جانب سے خوب سراہا گیا ہے۔ شہریوں نے پولیس کے اس اقدام کو ایک مثبت قدم قرار دیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ آئندہ بھی اسی طرح کی سخت کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ نوجوان نسل کو منشیات کے ناسور سے بچایا جا سکے۔