رمیش کیسر
نوشہرہ//آزادی کے امرت مہوتسو اور ’’ہر گھر ترنگا‘‘ مہم کے تحت نوشہرہ ٹنل سے ایک شاندار ترنگا ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع انتظامیہ کے افسران، سیکورٹی اہلکار، اسکولی طلبہ، این جی اوز اور مقامی شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔یہ ریلی انتظامیہ کی جانب سے حب الوطنی کے جذبے کو فروغ دینے اور عوام کو قومی پرچم کی اہمیت سے روشناس کرانے کے مقصد سے منعقد کی گئی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں ترنگا تھامے اور حب الوطنی کے نعرے بلند کرتے ہوئے نوشہرہ ٹنل سے مین بازار تک مارچ کیا۔ راستے میں عوام نے شرکاء کا پرجوش استقبال کیا اور ترنگا تھامے قافلے میں شامل ہوئے۔اس موقع پر آفیسران نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہر گھر ترنگا‘‘ مہم ملک کے اتحاد اور قومی یکجہتی کی علامت ہے اور اس کا مقصد ہر شہری میں حب الوطنی کے جذبے کو بیدار کرنا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ یوم آزادی کے موقع پر اپنے گھروں، دکانوں اور دفاتر پر ترنگا ضرور لہرائیں اور اس قومی جشن میں بھرپور شرکت کریں۔