نوشہرہ //حدمتارکہ پر ہندوپاک افواج کے درمیان کشیدگی کا سلسلہ جاری ہے اور اتوار کے رو ز بھی راجوری کے نوشہرہ سیکٹر میں فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہوا۔ اس دوران اگرچہ کسی طرح کاجانی نقصان نہیں ہواالبتہ مقامی آبادی میں خوف پایاجارہاہے اور صورتحال انتہائی کشیدہ بنی ہوئی ہے ۔ دفاعی ذرائع کے مطابق پاکستانی فوج نے نوشہرہ کے کلال اور ڈھینگ علاقوں میں بھارتی فوج کی اگلی چوکیوں اور رہائشی علاقوں کو نشانہ بناتے ہوئے کئی مارٹر شل پھینکے جس کا بھارتی فوج نے بھی موثر جواب دیا۔فائرنگ اور گولہ باری کا یہ سلسلہ سہ پہر 1بج کر 15پر شروع ہوا جو تادم تحریرجاری تھا ۔کلال کے لوگوں نے بتایاکہ پاکستانی فوج کی طرف سے داغے گئے 6مارٹر گولے زندہ حالت میں ہیں جس پر انہوں نے فوج کو مطلع کیا اور فوج نے کارروائی کرتے ہوئے انہیں اپنی تحویل میں لیکر ناکارہ بنایا ۔سرحدی مکینوں نے ایک مرتبہ پھر بینکروں کی تعمیر کا مطالبہ کیاہے ۔ اس سلسلے میں کلال اور ڈھینگ علاقوں کے لوگوں نے انتظامیہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے شکایت کی کہ بارہا یہ وعدہ کیاگیاکہ پختہ بینکر تعمیر کئے جائیں گے مگر ایسا آج تک نہیںہوا اور انہیں مرنے پر چھوڑ دیاگیاہے ۔