رمیش کیسر
نوشہرہ//نوشہرہ کے متعدد علاقوں میںپانی کی سپلائی لائنیں شدید خستہ حال ہو کر سپلائی میں خلل کا باعث بنتی جارہی ہیں جبکہ کئی جگہوں پر مذکورہ سپلائی لائنیں رابطہ سڑکوں پر حادثات کی وجہ سے بھی بنتی جارہی ہیں ۔تحصیل کے درشن نگر علاقے میں سڑک کے وسط میں پانی کی ایک پائپ نے راہگیروں اور گاڑی سواروں کے لئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے، لیکن متعلقہ محکمہ تاحال خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ پائپ کئی دنوں سے سڑک کے بیچوں بیچ پڑی ہوئی ہے اور روزانہ سینکڑوں گاڑیاں یہاں سے گزرتی ہیں۔ خاص طور پر دو پہیہ گاڑیاں چلانے والوں کے لئے یہ پائپ ایک جان لیوا خطرہ بن چکی ہے۔ مقامی افراد نے بتایا کہ اگر کسی دو پہیہ گاڑی کا ٹائر اس پائپ پر چڑھ جائے تو سلپ ہو کر بڑا حادثہ رونما ہو سکتا ہے۔مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ محکمہ پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ (PWD) اور میکینکل انجینئرنگ سروس، جو کہ اس سڑک کی دیکھ بھال کے ذمہ دار ہیں، اس خطرناک صورتحال کی طرف کوئی توجہ نہیں دے رہے۔ شکایت کنندگان کے مطابق متعدد بار متعلقہ حکام کو اس بارے میں آگاہ کیا گیا، لیکن اب تک نہ تو پائپ کو ہٹایا گیا اور نہ ہی کوئی حفاظتی اقدام اٹھایا گیا ہے۔درشن نگر کے مکینوںنے ضلع انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ سڑک کے بیچ موجود اس پانی کی پائپ کو فوری طور پر ہٹا کر مناسب جگہ منتقل کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک اس پائپ کو ہٹایا نہیں جاتا، حادثے کے امکانات برقرار رہیں گے، جو کسی بھی وقت جانی نقصان کا سبب بن سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر متعلقہ محکمے نے بروقت کارروائی نہ کی تو مجبوراً مقامی لوگ بڑے پیمانے پر احتجاج کریں گے۔ مقامی شہریوں نے سوال اٹھایا کہ عوامی جان و مال کی حفاظت کے ذمہ دار ادارے اس قدر غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیوں کر رہے ہیں؟سڑک پر سفر کرنے والے ڈرائیوروں نے بھی اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حادثات کی روک تھام کے لیے سڑکوں پر کسی بھی قسم کی رکاوٹ کو فوری طور پر دور کرنا انتہائی ضروری ہے۔لوگوں نے امید ظاہر کی کہ ضلع انتظامیہ نوشہرہ فوری ایکشن لے کر اس معاملے کو حل کرے گی تاکہ سڑک محفوظ ہو اور عوام سکون سے سفر کر سکیں۔