رمیش کیسر
نوشہرہ// نوشہرہ پولیس نے حال ہی میں مجاز اتھارٹی کی جانب سے ممنوع قرار دی گئی کتابوں کی تلاش اور ضبطی کے لئے نوشہرہ بازار کے مختلف مقامات پر وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن کیا۔یہ کارروائی پابندی کے احکامات پر سختی سے عمل درآمد اور ممنوعہ لٹریچر کی ترسیل کو روکنے کے لئے کی گئی۔ پولیس کی خصوصی ٹیموں نے متعدد بک شاپس اور ممکنہ اسٹوریج پوائنٹس کی تلاشی لی تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ممنوعہ کتابیں نہ بیچی جا رہی ہیں اور نہ ہی تقسیم ہو رہی ہیں۔پولیس نے عوام، بالخصوص کتاب فروشوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ 25 ممنوعہ کتابوں میں سے کسی کو بھی خریدنے یا فروخت کرنے سے گریز کریں۔ پولیس نے واضح کیا کہ اگر کوئی شخص ان کتابوں کی خرید و فروخت میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف بی این ایس کی متعلقہ دفعات کے تحت سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔پولیس حکام نے اس بات پر زور دیا کہ عوام قانون کی پاسداری کریں اور کسی بھی ممنوعہ مواد کی موجودگی یا فروخت کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو فراہم کریں تاکہ معاشرے میں امن و قانون قائم رکھا جا سکے۔