رمیش کیسر
نوشہرہ//نوشہرہ میں ایک پْروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مس یونیورس جموں و کشمیر 2025 کا اعزاز حاصل کرنے والی بھنوی بھردواج کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر پی ایل تھاپا مہمانِ خصوصی کے طور پر موجود تھے۔ مختلف سرکاری محکموں کے افسران، مقامی معززین، اور شہریوں نے بڑی گرمجوشی سے بھردواج کو مبارکباد دی۔بھنوی بھردواج کا تعلق ضلع راجوری کے سرحدی گاؤں بریری سے ہے۔ وہ آنجہانی امر ناتھ اور راج ونتی کی پوتی اور محکمہ تعلیم میں خدمات انجام دینے والے دو اساتذہ کی بیٹی ہیں۔انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم کرائسٹ ہائی اسکول نوشہرہ سے حاصل کی، بعد ازاں کوٹا (راجستھان) سے اعلیٰ ثانوی تعلیم مکمل کی۔ کمپیوٹر سائنس میں بی ٹیک کی ڈگری ایس آر ایم انسٹی چیوٹ غازی آباد سے حاصل کی، اور اب ممبئی یونیورسٹی سے ایل ایل بی کر رہی ہیں۔صرف تعلیم ہی نہیں،بھردواج قومی سطح کی کراٹے چمپئن بھی ہیں، اور انہیں رقص، گلوکاری اور اداکاری سے گہری دلچسپی ہے۔ ان کی ہمہ جہت صلاحیتیں اور عزم آج کے نوجوانوں کے لئے مشعلِ راہ بن چکے ہیں۔بھردواج آئندہ مہینے بین الاقوامی مقابلہ ’مس یونیورس 2025‘‘میں جموں و کشمیر کی نمائندگی کرتے ہوئے عالمی اسٹیج پر قدم رکھیں گی۔ یہ لمحہ نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے علاقے کے لئے اعزاز کا باعث بن چکا ہے۔نوشہرہ کی عوام نے ان کی کامیابی کو ضلع اور ریاست کیلئے باعثِ فخر قرار دیا ہے اور امید ظاہر کی کہ وہ بین الاقوامی سطح پر بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا کر وطن کا نام روشن کریں گی۔