رمیش کیسر
نوشہرہ // مون سون کی حالیہ بارشوں نے جہاں عام زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے، وہیں محکمہ بجلی نوشہرہ کو بھی بھاری نقصان سے دوچار ہونا پڑا ہے۔ محکمہ کے مطابق اس نقصان کا تخمینہ 20 لاکھ روپے سے زائد لگایا گیا ہے۔ بارشوں کے دوران متعدد مقامات پر بجلی کے ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے، جس کے باعث کئی دیہات اور علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔محکمہ بجلی کے ایک اعلیٰ افسر نے بتایا کہ نوشہرہ کے مختلف مقامات پر بجلی کے ایچ ٹی لائن کے 20 سے زائد اور ایل ٹی لائن کے 40 سے زائد کھمبے زمین بوس ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ نقصان جھنگڑگاؤں میں اس وقت ہوا جب لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 63 کے وی کا پورا سب اسٹیشن تباہ ہو گیا۔ اس اسٹیشن میں بجلی کے کھمبے، تاریں اور دیگر ضروری ڈھانچہ شامل تھا، جو مکمل طور پر برباد ہوگیا۔افسر موصوف نے مزید بتایا کہ ان نقصانات میں بجلی کی سینکڑوں فٹ لمبی تاریں بھی شامل ہیں جنہیں یا تو لینڈ سلائیڈنگ نے توڑ دیا یا بارشوں کی شدت نے متاثر کیا۔ ان کے مطابق اس پورے نقصان کی مفصل رپورٹ تیار کر کے اعلیٰ حکام کو ارسال کر دی گئی ہے تاکہ جلد از جلد مرمت اور بحالی کے کام کو عملی شکل دی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کے مستقل اور عارضی ملازمین نے بارشوں کے دوران نہایت محنت اور ایمانداری سے اپنے فرائض انجام دئیے ہیں۔ مشکل ترین حالات کے باوجود ملازمین نے بجلی کی سپلائی کو بحال رکھنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی، جو واقعی قابلِ تعریف ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بارشوں کے دوران بجلی کی فراہمی میں بار بار رکاوٹ آئی، تاہم محکمہ کے ملازمین نے دن رات محنت کر کے جلد از جلد بجلی کی بحالی کی۔ عوام نے بھی محکمہ کے اس جذبہ خدمت کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نقصان کی تلافی جلد ہوگی تاکہ آئندہ کسی بڑی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔یاد رہے کہ نوشہرہ اور ملحقہ علاقوں میں مون سون بارشوں نے کئی جگہ لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکوں کو بھی نقصان پہنچایا ہے، جس کی وجہ سے بنیادی سہولیات متاثر ہو رہی ہیں۔ محکمہ بجلی کی یہ رپورٹ ظاہر کرتی ہے کہ قدرتی آفات کے دوران بجلی کا ڈھانچہ سب سے زیادہ متاثر ہوتا ہے، جس کی بحالی کے لئے سرکاری سطح پر فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔