نوشہرہ میں خاتون کی پراسرار موت ،تحقیقات شروع

عظمیٰ نیوز سروس

راجوری//جموں و کشمیر پولیس نے راجوری کے نوشہرہ میں ایک خاتون کی موت کی تحقیقات شروع کردی ہے جو دس دن قبل جھلس کر زخمی ہوئی تھی اور جموں کے ایک ہسپتال میں زیر علاج تھی۔متاثرہ کے والدین نے گھریلو تشدد کو واقعہ کی وجہ قرار دیتے ہوئے گہرائی سے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔متاثرہ کی شناخت پوجا دیوی (28سال) زوجہ رنکو کمار ساکن بریری نوشہرہ کے طور پر ہوئی ہے جبکہ اس کے والدین نوشہرہ کے کھیاری دھرت گاؤں میں رہتے ہیں۔ اس کے والدین کے گھر والوں نے موت کے بعد آہ و بکا کرتے ہوئے بتایا کہ پوجا کی دس سال قبل شادی ہوئی تھی لیکن ازدواجی زندگی نارمل نہیں تھی اور شادی کے بعد سے تقریباً سات بار خاندانی سطح پر ملاقاتیں ہوئیں۔ انہوں نے بتایا کہ دس دن قبل پوجا دیوی کو جھلسنے کے زخم آئے تھے وہ بھی پراسرار حالات میں اور وہ جموں کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھی جہاں کل رات اس کی موت ہوگئی۔انہوںنے کہا”ہم گہرائی سے تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں اور یہ گھریلو تشدد کا معاملہ ہے اور ہمیں خدشہ ہے کہ ہماری بیٹی کو قتل کر دیا گیا ہے‘‘۔ایس ایچ او نوشہرہ سمیت مگوترا نے نوشہرہ ہسپتال پہنچ کر لواحقین سے ملاقات کی اور یقین دہانی کرائی کہ واقعے کی گہرائی سے اور منصفانہ تحقیقات کی جائے گی اور سچ کو سامنے رکھا جائے گا۔انہوں نے مقتول کی لاش کا پوسٹ مارٹم بھی کروایا۔