رمیش کیسر
نوشہرہ// نوشہرہ اور اس کے گرد و نواح میں منگل کی شام تقریباً ساڑھے چھ بجے اچانک تیز آندھی اور طوفانی بارش نے نظام زندگی کو بری طرح متاثر کیا۔ 60 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی اس آندھی نے کئی علاقوں میں شدید تباہی مچائی۔مقامی ذرائع کے مطابق، آندھی کے باعث درجنوں درخت جڑ سے اکھڑ گئے اور کئی سڑکوں پر گر گئے، جس سے آمد و رفت مکمل طور پر بند ہو گئی۔ کئی علاقوں میں بجلی کے کھمبے اور تاریں ٹوٹ گئیں، جس سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔ محکمہ بجلی کے ایک اعلیٰ افسر نے فون پر بتایا کہ درجنوں کھمبے اور تاریں زمین پر آ گری ہیں، جن کی بحالی کا کام جاری ہے مگر مکمل بحالی میں وقت لگ سکتا ہے۔جنگلاتی اور رہائشی علاقوں میں بے شمار درخت زمین بوس ہو گئے ہیں، جبکہ کچھ مقامات پر گھروں کی ٹین کی چھتیں اْڑ گئیں۔ کئی مکانات جو ہلکے مٹیریل جیسے کہ ٹین کی چادروں سے بنے تھے، شدید نقصان کا شکار ہوئے۔آندھی کے ساتھ بارش بھی ہوئی، جس سے اگرچہ درجہ حرارت میں کمی آئی اور گرمی سے وقتی ریلیف ملا، مگر نقصان کا دائرہ وسیع ہو گیا۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ طوفان کے باعث خوف و ہراس پھیل گیا اور بچے، خواتین اور بزرگ خاصی پریشانی میں مبتلا ہو گئے۔انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں کا جائزہ لینے کے لئے ٹیمیں روانہ کر دی ہیں، جبکہ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ احتیاط برتیں اور غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں، خاص طور پر بجلی کے کھمبوں اور گرنے والے درختوں سے دور رہیں۔