رمیش کیسر
راجوری//بھارتیہ جنتا پارٹی نے جمعرات کے روز ضلع راجوری کی تحصیل نوشہرہ میں ایک شاندار ترنگا ریلی کا انعقاد کیا جس میں مقامی تاجروں، سول سوسائٹی کے افراد اور عام شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔ریلی کے شرکاء نے ان سپاہیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے ملک کے تحفظ کے لئے اپنی جانیں قربان کیں۔ نوشہرہ مارکیٹ سے شروع ہونے والی اس ریلی میں شرکاء نے ہاتھوں میں ترنگا تھامے ’ہندوستان زندہ باد‘ اور ’بھارت ماتا کی جے‘ جیسے پرجوش نعرے لگائے، جس سے فضا حب الوطنی کے جذبے سے گونج اٹھی۔شرکاء نے بھارتی فوج، جموں و کشمیر پولیس اور دیگر سیکورٹی اداروں کی قربانیوں اور بہادری کو سراہتے ہوئے ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر شرکاء نے ’آپریشن سندور‘ کے تحت بہادری سے لڑنے والے سپاہیوں کو بھی یاد کیا جنہوں نے پہلگام میں دہشتگرد حملے کا مؤثر جواب دے کر معصوم سیاحوں کے خون کا بدلہ لیا۔اس ترنگا ریلی میں ڈی ڈی سی رکن سیری سنگتیا شرما، بی جے پی لیڈر راکیش رائنا اور دیگر پارٹی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔