سرحدی گاؤں کلال میں پینے کے پانی کی شدید قلت،سپلائی بحال کرنے کی مانگ
رمیش کیسر
نوشہرہ//سب ڈویژن نوشہرہ کے دور افتادہ سرحدی گاؤں کلال کے باشندوں نے حکومت اور محکمہ جل شکتی سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے علاقے میں پینے کے پانی کی سپلائی کو بہتر اور باقاعدہ بنایا جائے۔ مقامی لوگوں کے مطابق گاؤں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی نہایت محدود ہے اور ہفتے میں صرف ایک دن ہی پانی دیا جاتا ہے، جو گاؤں کی ضرورت کے لحاظ سے ناکافی ہے۔گاؤں کے مکینوں نے بتایا کہ حالیہ برسات کے دوران پانی کی پائپ لائنیں مختلف مقامات پر ٹوٹ چکی ہیں، جس کے باعث پانی ضائع ہو رہا ہے اور گھروں تک مناسب مقدار میں نہیں پہنچ پا رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پائپ لائنوں کی مرمت نہ ہونے کی وجہ سے انہیں روزمرہ کی زندگی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔مقامی لوگوں نے کہا کہ علاقے میں پانی کی کمی نہیں ہے، اس کے باوجود سپلائی محدود رکھنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر محکمہ وقت پر مرمت کا کام کرے اور باقاعدہ شیڈول کے مطابق پانی فراہم کرے تو عوام کو بڑی راحت مل سکتی ہے۔گاؤں والوں نے ضلع انتظامیہ اور محکمہ جل شکتی کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر پائپ لائنوں کی مرمت کروا کر صاف پانی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ لوگوں کو پینے کے پانی کی قلت سے نجات مل سکے۔