سمت بھارگو
راجوری //راجوری کے نوشہرہ سب ڈویژن کے کچھ علاقوں میں ڈرون کی مشتبہ نقل و حرکت پر سیکورٹی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور علاقے میں چوکسی بڑھا دی گئی ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کچھ مخصوص انٹیلی جنس اطلاعات ہیں کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب نوشہرہ سب ڈویژن میں لائن آف کنٹرول کے قریب ایک مشتبہ ڈرون کی نقل و حرکت ہوئی ۔ شبہ ہے کہ ایک مشتبہ ڈرون کی نقل و حرکت نوشہرہ میں لائن آف کنٹرول کے قریب دیہات میں ہوئی ہے ۔ سیکورٹی فورسز نے نوشہرہ سب ڈویژن کے لئے الرٹ جاری کیا ہے۔ادھرسیکورٹی فورسز نے پونچھ ضلع میں تلاشی مہم شروع کی ہے۔حکام نے بتایا کہ فوج، پولیس اور سی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیموں نے پونچھ کے دیہات میں تلاشی مہم شروع کی اور آپریشن بدھ کی صبح شروع کیا گیا اور شام کے اوقات میں ختم ہوا۔
ادھرسیکورٹی فورسز نے راجوری کے بدھل علاقے کو گھیرے میں لیا اور گاؤں کی دفاعی کمیٹی (وی ڈی سی) کے کچھ ممبران کے علاقے میں مشتبہ نقل و حرکت پر فائرنگ کے بعد تلاشی مہم شروع کی ۔مقامی لوگوں کے مطابق، منگل کی شام تقریباً 9 بجے، شاہپور گاؤں کے مقامی شخص نے علاقے میں مشتبہ نقل و حرکت دیکھی اور مشتبہ افراد نے پتھر پھینکے جس سے وہ زخمی ہوگیا۔مذکورہ شخص، جو (VDC) کا ممبر ہے،نے اپنی303رائفل کا استعمال کرتے ہوئے مشتبہ افراد پر فائرنگ کر دی جس کے بعد علاقے کے دیگر VDC ارکان نے بھی فائرنگ شروع کر دی اور ایک درجن سے زائد گولیاں چلنے کی آوازیں سنی گئیں۔مکینوں نے مزید دعویٰ کیا کہ علاقے میں موجود مشتبہ افراد نے وی ڈی سی کے ارکان پر دو گولیاں بھی چلائیں اور موقع سے فرار ہوگئے۔دریں اثناء حکام نے بتایا کہ واقعہ کے فوراً بعد مقامی کیمپ سے فوج کی ٹیمیں اور کنڈی اور بدھل تھانوں کی پولیس ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اورعلاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی شروع کی۔ان کا کہنا تھا کہ تلاشی بدھ کی صبح کے اوقات میں شروع کی گئی تھی اور شام دیر گئے تک جاری رہی۔