رمیش کیسر
نوشہرہ //گزشتہ کئی روز سے علاقے میں مسلسل بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس نے عام زندگی کو بری طرح مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے کچے مکانات گرنا شروع ہو گئے ہیں، برساتی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی کا منظر ہے جبکہ لوگوں کی روزمرہ زندگی شدید مشکلات کا شکار ہو گئی ہے۔اتوار کے روز دبڑ گاؤں کے برسالی میں رہنے والے لال چند کا کچا مکان اچانک بارش کی شدت کے باعث زمین بوس ہو گیا۔ مقامی لوگوں کے مطابق مکان کے گرنے سے لال چند اور اس کے اہل خانہ کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا تاہم خوش قسمتی سے جانی نقصان نہیں ہوا۔ بارش کی وجہ سے دیگر دیہات میں بھی مکانات کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔شدید بارش کی وجہ سے برساتی نالے ابل پڑے ہیں اور دریاؤں میں پانی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے جس سے نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ مقامی کسانوں کا کہنا ہے کہ بارشوں نے کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے جس سے کسانوں کو مالی بحران کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔علاقے کے کئی مقامات پر سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی ہیں اور ٹریفک کی آمدورفت میں رکاوٹ پیدا ہو گئی ہے۔ رابطہ سڑکوں کے متاثر ہونے سے دور دراز دیہات کے لوگوں کا ضلع ہیڈ کوارٹر تک پہنچنا بھی دشوار ہو گیا ہے۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری طور پر ریلیف فراہم کیا جائے اور کچے مکانات کے متاثرہ مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر بارش کا یہ سلسلہ جاری رہا تو مزید نقصانات کا خدشہ ہے، اس لیے حکومت کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے چاہئیں۔