رمیش کیسر
نوشہرہ// مونسپل کمیٹی نوشہرہ جو کہ 13 وارڈز پر مشتمل ہے اور جن کی آبادی تقریباً 20 ہزار کے قریب ہے، میں ملازمین کی کمی کی وجہ سے عوامی خدمات شدید متاثر ہو رہی ہیں۔ سرکار کی طرف سے اس کمیٹی کے لئے 55 ملازمین کی منظوری دی گئی تھی، مگر موجودہ وقت میں صرف 20 ملازمین کام کر رہے ہیں، جن میں سے بیشتر عارضی ملازمین ہیں۔ اس کمی کمی کی وجہ سے عوام کو صفائی، پبلک ہیلتھ، اور دیگر اہم خدمات میں مشکلات کا سامنا ہے۔مونسپل کمیٹی میں مختلف اہم اسامیوں پر ملازمین کی کمی کے باعث کمیٹی کے کام کاج بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ اس وقت کمیٹی میں ایگزیکٹو آفیسر کی پوسٹ خالی ہے، جو تقریباً دو سال سے تعینات نہیں کی گئی۔ اس کے علاوہ ٹیکس انسپکٹر، سپروائزر، خلاف ورزی انسپکٹر، چپڑاسی، دلی ہیڈ، اسسٹنٹ سیکریٹری، جونیئر اسسٹنٹ، کمپیوٹر اسسٹنٹ، خلاف ورزی اسسٹنٹ، الیکٹریشن، کلینر، سینٹری ورکر، لیڈر مین (سیڑھی پکڑنے والا) اور دیگر 35 اہم اسامیاں خالی پڑی ہوئی ہیں۔ ان اسامیوں کے خالی ہونے کی وجہ سے تمام خدمات میں خلل پڑا ہے۔نوشہرہ مونسپل کمیٹی کے زیر انتظام علاقے میں صفائی کی حالت بدتر ہو چکی ہے۔ گلیوں اور بازاروں میں گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، جس سے مقامی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ صفائی کارکنوں کی کمی کی وجہ سے لوگوں کی شکایات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ کئی روز گزرنے کے باوجود بازاروں میں صفائی نہیں کی جاتی، جس سے صحت کے مسائل جنم لے رہے ہیں۔ کمیٹی کی جانب سے بنائے گئے بیت الخلاء کی حالت بھی ابتر ہو چکی ہے، جنہیں درست کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی گئی۔نوشہرہ کی مونسپل کمیٹی کے ایگزیکٹو افیسر کی پوسٹ تقریباً دو برسوں سے خالی ہے، جس کا براہ راست اثر کمیٹی کی کارکردگی پر پڑ رہا ہے۔ اس وقت سندر بنی کمیٹی کے ایگزیکٹو افیسر کو نوشہرہ کی اضافی ذمہ داری دی گئی ہے، جو کہ دیگر کمیٹیوں میں بھی مصروف ہیں۔ اس کے نتیجے میں نوشہرہ مونسپل کمیٹی کے کاموں میں مزید خلل پڑ رہا ہے۔ ایگزیکٹو افیسر کی غیر موجودگی کی وجہ سے انتظامیہ کو اہم فیصلے کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔مقامی لوگ اس صورتحال سے نالاں ہیں اور انہوں نے حکومت سے فوری طور پر ملازمین کی کمی کو دور کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر کمیٹی میں ملازمین کی تعداد بڑھائی جائے تو خدمات کی صورتحال میں بہتری آ سکتی ہے۔ مقامی افراد نے یہ بھی کہا کہ عوامی خدمات کی بہتری کے لئے ایگزیکٹو افیسر کی جلد تعیناتی ضروری ہے تاکہ کمیٹی کے کام کاج میں بہتری لائی جا سکے۔انہوں نے کہاکہ ’’ہم نے کئی بار حکام سے درخواست کی ہے کہ یہاں صفائی اور دیگر خدمات میں بہتری لائی جائے، مگر حکومت نے ابھی تک کوئی خاطر خواہ قدم نہیں اٹھایا۔ نوشہرہ مونسپل کمیٹی میں سرکاری ملازمین کی کمی گزشتہ کئی برسوں سے برقرار ہے، جس کے باعث عوامی خدمات متاثر ہو رہی ہیں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ حکومت اس مسئلے کو جلد حل کرے گی‘‘۔