جموں+نوشہرہ//بین الاقوامی سرحد پر سانبہ او رضلع راجوری کے نوشہرہ سیکٹر میں حد متارکہ پر ہندوستان اور پاکستان کی سرحدی افواج کے مابین گولہ باری کا تبادلہ ہوا جس میں ایک بی ایس ایف اہلکار ہلاک ہوا۔دفاعی ترجمان نے بتایا کہ ضلع سانبہ میں بین الاقوامی سرحد پر جمعرات کی صبح9:30بجے کے قریب پاکستانی رینجرز نے بی ایس ایف کی ایک گشتی پارٹی کو نشانہ بناکر بلااشتعال اور اچانک فائرنگ کی جس کے نتیجے میں25سالہ بی ایس ایف کانسٹیبل تاپن منڈل شدید طور پر زخمی ہوا جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔ مہلوک بی ایس ایف اہلکار کا تعلق پولیس تھانہ بہرام کے تحت پڑے والے ستوئی گائوںضلع مرشد آباد مغربی بنگال سے تھا۔جوابی کارروائی میں 3پاکستانی چوکیوں کو شدید نقصان پہنچا جس میں کم از کم 2پاک رینجرز کو نشانہ بنایا گیا ہے ۔ آر پار گولہ باری کا سلسلہ دوپہر دو بجے تک جاری رہا ۔اس دوران پاکستانی فوج نے بدھ کی رات دیر گئے نوشہرہ سیکٹر کے تحت آنے والے بابا کھوڑی کی دو اگلی چوکیوں کو نشانہ بنایا اوران پر شدید فائرنگ اور گولہ باری کی گئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہواالبتہ بھارتی فوج کے چھ بنکروں کو نقصان پہنچا۔فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ ساڑھے گیارہ بجے رات سے گیارہ بجکر پچاس منٹ تک جاری رہاجس کے بعد حد متارکہ پر سکوت پایاجارہاہے ۔