رمیش کیسر
نوشہرہ //محکمہ موسمیات کی پیشنگوئی کے مطابق ہفتہ کے روز سے شروع ہونے والا بارشوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ گزشتہ روز بھی علاقے میں دن بھر شدید بارش ریکارڈ کی گئی جس کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے اگلے تین روز تک خراب موسم کی پیشنگوئی کی ہے جس کے پیش نظر ریاستی حکومت اور ضلع انتظامیہ نے عوام کیلئے پبلک ایڈوائزری جاری کی ہے۔ایڈوائزری میں لوگوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کسی بھی صورت میں ندی نالوں کے قریب نہ جائیں کیونکہ اچانک پانی کا بہاؤ تیز ہو سکتا ہے اور جانی نقصان کا اندیشہ رہتا ہے۔ اسی طرح عوام کو یہ بھی کہا گیا ہے کہ بارش کے دوران پہاڑوں اور بڑے درختوں کے نیچے پناہ لینے سے گریز کریں تاکہ کسی ناگہانی حادثے سے بچا جا سکے۔ انتظامیہ نے مزید کہا ہے کہ لوگ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور موسم کے بہتر ہونے کا انتظار کریں۔شدید بارشوں کے سبب کئی دیہات میں نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ہے جبکہ کچھ مقامات پر چھوٹی ندی نالیاں ابل پڑی ہیں جس کی وجہ سے لوگوں میں خوف و ہراس پیدا ہو گیا ہے۔ زرعی شعبے سے جڑے افراد نے بھی خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر بارشوں کا یہ سلسلہ طویل ہوا تو فصلوں کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند روز سے موسم میں اچانک تبدیلی کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔ تعلیمی اداروں اور دفاتر میں حاضری بھی کم دیکھنے کو ملی ہے جبکہ بازاروں میں بھی گاہکوں کی آمد میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔انتظامیہ نے عوام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ریسکیو ٹیمیں تیار ہیں۔ متعلقہ محکموں کو الرٹ پر رکھا گیا ہے اور نشیبی علاقوں پر خصوصی نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں بروقت کارروائی کی جا سکے۔عوامی حلقوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دیہی علاقوں میں خصوصی گشت کا انتظام کرے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری امداد فراہم کی جا سکے۔