رمیش کیسر
نوشہرہ//نوشہرہ کے مصروف ترین علاقے، بس سٹینڈ کے قریب واقع مونسپل کمیٹی کی طرف سے بنائے گئے بیت الخلاء کی حالت ابتر ہو چکی ہے، جس کی وجہ سے بازار میں آنے والے ہزاروں افراد کو مختلف مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ خاص طور پر خواتین کے لئے مناسب بیت الخلاء کی عدم موجودگی اور صفائی کے فقدان نے لوگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔نوشہرہ کے مین بس سٹینڈ پر جہاں روزانہ ہزاروں افراد سرکاری ہسپتال، تحصیل دفتر، سب عدالت اور دیگر سرکاری دفاتر کے کاموں کے لئے آتے ہیں، وہاں بیت الخلاء کا کوئی مناسب انتظام نہیں ہے۔ مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ بس سٹینڈ پر مونسپل کمیٹی کی طرف سے بنایا گیا ٹوائلٹ اب خستہ حالت میں تبدیل ہو چکا ہے۔ اس ٹوائلٹ میں نہ پانی کا انتظام ہے اور نہ ہی صفائی کی کوئی مناسب تدابیر اپنائی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ، خواتین کیلئے بنائے گئے الگ بلاک کا تالا کئی برسوں سے بند پڑا ہے، جس کی وجہ سے خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔شہریوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ مونسپل کمیٹی روزانہ دکانداروں سے ہزاروں روپے اکٹھا کرتی ہے، لیکن ان پیسوں کو عوامی سہولتوں میں صرف کرنے کے بجائے خرد برد کیا جا رہا ہے۔ مقامی شہری محمد جاوید، ستنام شرما، کلدیپ سنگھ اور رنویر کمار، جو بدھ کے روز اپنے کام کے سلسلے میں نوشہرہ آئے تھے، نے بھی اس مسئلے کی شدت کو بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ مین بس سٹینڈ پر بنائے گئے بیت الخلاء میں صفائی کا کوئی انتظام نہیں، اور خواتین کے لئے مخصوص ٹوائلٹ گذشتہ کئی برسوں سے بند پڑا ہے۔ان افراد نے ڈائریکٹر لوکل باڈیز اور ضلع انتظامیہ راجوری سے اپیل کی ہے کہ نوشہرہ بازار میں مونسپل کمیٹی کی طرف سے بنائے گئے بیت الخلاء کی حالت پر فوری توجہ دی جائے اور اسے قابل استعمال بنایا جائے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ان مسائل کے حل کے بغیر نہ صرف عوام کی صحت متاثر ہو رہی ہے بلکہ اس سے علاقے کی صفائی اور عوامی سہولتوں کی حالت بھی خراب ہو رہی ہے۔نوشہرہ مونسپل کمیٹی کی حالت بھی خاصی خراب ہو چکی ہے، جہاں کمیٹی میں 55 ملازمین کی بجائے صرف 20 ملازمین کام کر رہے ہیں۔ اس کمیٹی کی جانب سے شہری سہولتوں کو بہتر بنانے کے لئے کوئی بھی ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے جا رہے ہیں، جس کا نتیجہ یہ ہے کہ عوامی سہولتیں روز بروز مزید بدتر ہو رہی ہیں۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ بس سٹینڈ اور بازار کے دیگر اہم مقامات پر صفائی، پانی کی فراہمی اور بیت الخلاء کی حالت کو بہتر بنانے کے لئے فوری اقدامات ضروری ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مونسپل کمیٹی اور ضلع انتظامیہ کی غفلت کی وجہ سے نہ صرف عوام کی مشکلات بڑھ رہی ہیں بلکہ یہ علاقے کی ترقی کے لئے بھی ایک بڑی رکاوٹ ہے۔شہریوں نے نوشہرہ کے منتخب نمائندوں، مقامی لیڈروں اور ضلع انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس اہم مسئلے پر فوری کارروائی کریں تاکہ مقامی افراد کو بنیادی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر یہ مسئلہ حل نہ کیا گیا تو عوام کی مایوسی مزید بڑھ سکتی ہے، جو کہ کسی بھی علاقے کی ترقی کے لیے نقصان دہ ہو سکتی ہے۔