سرینگر//پائین شہر کے نور باغ علاقے میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب آگ کی ایک ہولناک واردات میں22مکان خاکستر ہوئے جبکہ 4افراد زخمی ہوئے۔ عینی شاہدین کے مطابق گاٹہ کالونی نورباغ میں دوران شب ایک رہائشی مکانسے آگ نمودار ہوئی جو آناً فاناً پھیل گئی۔ عین شاہدین کے مطابق آگ اس قدر ہولناک تھی کہ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے 22مکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ لگنے کے ساتھ ہی مقامی لوگوں نے محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کو مطلع کیا اور فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے اہلکارآگ بجھانے والی9 گاڑیاں لیکر یہاں پہنچے ،اورانہوںنے آگ پرقابو پانے کی کارروائی شروع کی ،تاہم فائرسروسز اہلکاروں اورمقامی نوجوانوںکی تمام ترکوششوں کے باوجود یہ ہولناک آگ کئی گھنٹوں تک جاری رہی ،جسکے نتیجے میں کم ازکم22رہائشی مکانات اور ایک ٹین شیڈ کوشدید نقصان پہنچا اور ان میںموجود تما م سامان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گیا ۔ آگ بجھانے کے دوران دو فائر اینڈ ایمرجنسی اہلکاروں سمیت چار افراد زخمی ہوئے۔ خاکستر اور تباہ ہونے والے مکانات میں11 ایک منزلہ،10 دو منزلہ اور ایک3 منزلہ مکان تھا۔ واقعے میں ایک فائر فائٹر کے علاوہ منظور احمد شیخ، طاہر احمد شیخ اور تنویر احمد شیخ زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال میں داخل کیا گیا۔حکام نے بتایا کہ خاکستر ہونے والے22مکانات میںتقریباً33کنبے یا خاندان مقیم تھے اور یہ سارے کنبے چار دیواری سے محروم ہوگئے ہیں۔ انہوںنے مزید کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ آگ بجلی شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی لیکن آگ لگنے کی وجوہات جاننے کیلئے تفصیلی انکوائری جاری ہے۔