سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے کل امام باڈہ حسن آباد رعناواری میں متعلقہ آفیسران کی ایک میٹنگ منعقدہ کی جس میں نوروز عالم کے سلسلے میں کئے جارہے انتظامات کاجائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، چیف انجینئر صحت عامہ،ایگزیکٹیو انجینئر پی ڈی ڈی ،جوائنٹ کمشنر ایس ایم سی،آئی جی ٹریفک ،ایس ایس پی ٹریفک ، ایگزیکٹیو انجینئر لاﺅڈا،آرٹی او اورپولیس آفیسران کے علاوہ ،صحت ،ایس ڈی اے نیز فشریز کے آفیسران اور مقامی محلہ کمیٹیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔صوبائی کمشنر نے محکمہ فشریز کو گگری بل،علمگری بازار،چندپورہ ہارون،گنڈ شاہی بٹ،آبی گذر اورشیعہ آبادی والے دیگر علاقوں میں مچھلیوں کا معقول سٹاک دستیاب رکھنے کی ہدایت دی۔بصیر احمد خان نے نوروز عالم کے ایام کے دوران شیعہ آبادی والے علاقوں میں متعلقہ آفیسران پر بجلی اورپانی کی اطمینان بخش سپلائی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی جب کہ محکمہ صحت پر بھی بہتر طبی سہولیات کی فراہمی پر زوردیاگیا۔صوبائی کمشنر نے ایس ایم سی کے آفیسران کو صحت وصفائی کی طرف ٹھوس توجہ مبذول کرنے کی ہدایت دی۔انہوںنے نوروز عالم کے ایام کے دوران ٹریفک کے معقول انتظامات پر بھی زوردیا۔