عظمیٰ نیوز سروس
جموں//جیسے ہی نوراتری کا تہوا ر اپنے آخری دن میں داخل ہوا، عقیدت مندوں نے جموں و کشمیر کے کٹرا میں واقع ویشنو دیوی مندر میں دیوی درگا کی جھلک حاصل کی۔ویشنو دیوی مندر ہندو زائرین کے لیے مقدس ترین مقامات میں سے ایک ہے، جو دیوی درگا کی شکلوں میں سے ایک ‘ویشنو دیوی’ کے لیے وقف ہے۔قبل ازیں اتوار کو ‘مہا اشٹمی’ کے موقع پر، لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ویشنو دیوی کے مندرپر پوجا کی اور جموں و کشمیر کے مرکز کے زیر انتظام علاقے کی امن، خوشحالی اور ترقی کے لیے دعا کی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ویشنو دیوی شرائن بورڈ کی ویب سائٹ پر ‘لائیو درشن سہولت’ اور دو زبانوں میں چیٹ بوٹ کا آغاز کیا اور اسے عقیدت مندوں کے لیے وقف کیا اور ویشنو دیوی کی یاترا ‘شکتی کی بھکتی’ پر ایک یاترا گائیڈ بک بھی جاری کی ۔ نو روزہ نوراتری تہوار میں چار لاکھ سے زیادہ یاتریوں نے جموں و کشمیر کے ریاسی ضلع میں تریکوٹہ پہاڑیوں پر واقع ویشنو دیوی مندر پر پوجا کرتے ہوئے دیکھا۔ ویشنو دیوی شرائن بورڈکے ایک ترجمان نے بتایا ’’روزانہ اوسطاً 40,000 زائرین ماتھا ٹیکتے ہیں اور نوراتری کے آغاز کے بعد سے اب تک چار لاکھ سے زیادہ زائرین مندر حاضری دے چکے ہیں‘‘۔ ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ سال نو دن طویل شاردیہ نوراتوں کے دوران تقریباً 3.15 لاکھ یاتریوں نے مقدس مندر کا دورہ کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ عالمی امن، ہم آہنگی، خوشحالی اور انسانیت کی صحت کے لیے بورڈ کے زیر اہتمام نو روزہ ’شت چندی مہا یگیہ‘ پیر کو رام نومی کے مبارک موقع پر مندرپر اختتام پذیر ہوا۔
ترجمان نے بتایا کہ چیف ایگزیکٹو آفیسر، ایس ایم وی ڈی ایس بی، انشول گرگ نے عملے کے ساتھ، یاتریوں کے علاوہ، ‘پورنا آہوتی’ اور دیگر مذہبی تقریبات میں شرکت کی جو ویدک منتروں کے جاپ کے درمیان انجام دی گئیں۔انہوں نے کہا کہ پدم شری پروفیسر وشوامورتی شاستری کی قیادت میں پنڈتوں کے ایک گروپ نے ’مہا یگیہ‘ کیا۔نوراترا تہوار کی نو روزہ تقریبات کا اختتام درگا پوجا اور جموں خطے کے مختلف ندیوں اور نہروں میں ساکھ کے وسرجن اور درگا اشٹمی کے موقع پر مختلف مندروں میں ہون کے ساتھ ہوا۔تہوار کے آخری نو دنوں کے دوران ہزاروں عقیدت مندوں نے ماتا درگا کے مختلف مندروں میں پوجا کی۔عقیدت مندوں نے صبح اپنے گھروں میں پوجا ارچنا کرنے کے بعد جموں میں دریائے توی، رنبیر نہر اور دریائے چناب میں ساکھ کا وسرجن کیا جبکہ کٹھوعہ میں بھکتوں نے مین نہر کٹھوعہ اور دریائے راوی میں ساکھ کو غرق کیا۔دریں اثنا مختلف مقامات پر درگا اشٹمی کے موقع پر مختلف مندر کمیٹیوں کے ذریعہ ہون کئے گئے۔ درگا ناگ ٹرسٹ کی جانب سے درگا اشٹمی کے موقع پر سری نگر میں درگا ناگ کی مقدس عبادت گاہ میں ایک مہا یگیہ کا انعقاد کیا گیا۔پورن آہوتی کے بعد عقیدت مندوں نے پرشاد لیا اور دیوی سے دعا کی کہ وہ پوری بنی نوع انسان کو خوفناک وبائی مرض سے نجات دلائے۔