سرینگر//نوجوان ہوٹل مالکان کے ایک گروپ نے یہاں وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ ملاقات کی اور ریاست میں سیاحت کے شعبے کو بڑھاوا دینے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ گروپ نے کانفرنس سیاحت ، سرمائی سیاحت اور سیاحتی شعبے کے دیگر اہم سگمنٹوں کو بڑھاوا دینے کا مطالبہ کیا ۔انہوںنے ریاست سے متعلق منفی پروپیگنڈے کو دورکرانے کے لئے حکومت اور انڈسٹری کے درمیان بہتر تال میل کو بنائے رکھنے کا بھی مطالبہ کیا۔گروپ نے جی ایس ٹی کے تحت مراعات دینے ، سیاحتی مقامات پر بلڈنگ پرمیشنز میں معقولیت لانا ، ہوائی کرایوں کو قابو میں رکھنا اور آسیا ن ممالک کے سیاحوں کو ریاست کی طرف راغب کرانے جیسے معاملات بھی وزیرا علیٰ کے سامنے رکھے۔وزیراعلیٰ نے گروپ کو جانکاری دی کہ حکومت ریاست میں سیاحتی سیکٹر کو بڑھاوا دینے اور ملک وبیرون ملک کے سیاحتی مارکیٹ میں ریاست کی موثر ڈھنگ سے مارکیٹنگ کے لئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔انہوںنے کہاکہ اگلے دو مہینوں کے دوران ملک و بیرون ملک میں محکمہ سیاحت کی طرف سے 25روڑ شوز کا انعقاد کیا جارہا ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے محکمہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ سیاحت سے جڑے لوگوں کو ملک اور بیرو ن ملک تمام تجارتی میلوں کا شراکت دار بنائیں ۔وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب اے درابو ، سیکرٹری سیاحت سرمد حفیظ ،ناظم سیاحت کشمیر محمود احمد شاہ اور ہوٹیلرس کے نمائندے بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔