سرینگر//سینئر حریت لیڈر اور نیشنل فرنٹ چیئر مین نعیم احمد خان نے کہا کہ بھارت اور اس کے مقامی آلہ کاروں نے کشمیری نوجوانوں کیخلاف کھلی جنگ چھیڑ رکھی ہے اور خطے کے اندر مظالم کے سبھی ریکارڈ مات ہوگئے ہیں۔موصولہ بیان کے مطابق نعیم خان پلوامہ میں ایک پارٹی میٹنگ سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ اظہار خیال کی آزادی پر مکمل پابندی عائد ہے اور بھارت اپنی پوری قوت کے ساتھ نوجوانوں کے خلاف کھلے عام بر سر جنگ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نئی دلی کی ایما پر کشمیریوں کیخلاف جنگ چھیڑی گئی ہے اور مزاحمتی تحریک کیخلاف سازشوں کے جال بچھائے جارہے ہیں ۔نوجوانوں کی سرگرمیوں پر مکمل پابندی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے نعیم خان نے کہا کہ نوجوان موجودہ صورتحال میں گھٹن محسوس کررہے ہیں یہی وجہ ہے کہ وہ اپنی آواز سنانے کیلئے سڑکوں کا رُخ کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قیادت کو لوگوں کے پاس جانے سے روکا جارہا ہے اور سرینگر سے نئی دلی تک تحریک آزادی کیخلاف ایک پروپگنڈا شروع کیا گیا ہے۔نعیم خان نے کہا کہ جب سیاسی ماحول ختم کیا جائے اور آوازوں کو طاقت کی بنیاد پردبایا جائے تو انتشار مرکزی مقام حاصل کرلیتا ہے۔نئی دلی پر کشمیر تنازعہ سے متعلق غیر منصفانہ اپروچ ترک کرنے پر زور دیتے ہوئے نعیم خان نے کہا کہ بھارت تنازعہ کشمیر سے متعلق لگاتار غیر جمہوری اور غیر اصولی راہ پر گامزن ہے۔انہوں نے نئی دلی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ تنازعہ کشمیر کے بارے میں روایتی پالیسی چھوڑ کر حل کی راہ اپنائے۔