راجوری //پرنسپل سیشن جج راجوری نے پیشے سے وکیل شخص کونوجوان کے قتل کیس میں عمر قید کی سزاسنائی ہے ۔عدالت سے ہوئے فیصلے کے مطابق دفعہ 302کے تحت امتیاز احمد ولد محمد اشرف ساکن وارڈ نمبر 7راجوری پر عمر قید کی سزا اور پچاس ہزار روپے جرمانہ عائد کیاگیاہے ۔اس کے ساتھ ہی اس پر دفعہ 307کے تحت سات سال کی قید اور بیس ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیاگیاہے ۔مذکورہ شخص کے خلاف ایف آئی آر زیر نمبر 38/2012 US 302, 307, 201آر پی سی کا کیس درج تھا جو جموں پونچھ شاہراہ پر راجوری کے دودھاری آشرم کے نزدیک اپنی کار سے موٹرسائیکل کو ٹکر مارنے کی پاداش میں درج ہوا۔اس موٹرسائیکل پر طاہر خان ولد محمد مشتاق اور اس کی منگیتر لبنا کوثر سفر کررہے تھے اور کار سے ٹکر کے نتیجہ میں وہ دونوں زخمی ہوئے جس سے طاہر کی بعد میں موت ہوگئی جبکہ لبنا کو شدید چوٹیں آئیں ۔تحقیقات کے دوران یہ بات ثابت ہوئی کہ مجرم نے طاہر اور لبنا کے قتل کے ارادے سے ہی یہ کارروائی انجام دی ۔