سرینگر//حزب اختلاف کے لیڈر عمر عبدللہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو موجودہ نامساعد حالات کے دوران گرفتار کئے گئے نوجوانوں کو رہا کردینا چاہئے کیونکہ انکی رہائی کیلئے مرکزی حکومت کی اجازت درکار نہیںہے۔ اپنے ٹیویٹ میں عمر عبداللہ نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے نام لکھے بیغام میں لکھا ’’ ہزاروں گرفتار شدہ نوجوانوں کی رہائی کے بارے میں آپ کیا سونچتے ہو ، انکو رہاکرنے کیلئے دلی کو کچھ نہیں کرنا ۔‘‘عمر عبداللہ کے تاثرات دلی میں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اور نریندر مودی کی ملاقات کے بعد سامنے آئے ہیں۔وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کے بعد محبوبہ مفتی نے ریاست کے لوگوں تک پہنچنے کیلئے اعتماد سازی کے اقدامات اٹھانے پر زور دیا ہے۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ محبوبہ مفتی کو ہر چیز کیلئے مرکزی حکومت کے پاس جانا پڑتا ہے کیونکہ انہوں نے تمام اختیارات مرکزی حکومت کے حوالے کردئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات صحیح ہے کہ محبوبہ مفتی مرکزی سرکار کی طرف دیکھے کیونکہ انہوں نے وزیر اعلیٰ کے دفتر کے تمام اخیار ات مرکزی حکومت سونپ دئے ہیں۔