ایم ایم پرویز
رام بن//اتوار کی شام رام بن کی پرانی جامع مسجد کے نزدیک ایک نوجوان نے دریائے چناب میں مبینہ طور پر چھلانگ لگا دی، جس کے بعد پولیس، ایس ڈی آر ایف اور سیول کیو آر ٹی ٹیموں نے مشترکہ طور پر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔پولیس ذرائع کے مطابق، رام بن پولیس اسٹیشن کو قابلِ اعتماد ذرائع سے اطلاع موصول ہوئی کہ مسجد مارکیٹ کے نزدیک ایک نامعلوم شخص نے دریائے چناب میں چھلانگ لگا دی ہے۔ اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او پولیس اسٹیشن رامبن، انسپکٹر وکرم پریہار، افسران، اہلکاروں، ایس ڈی آر ایف اور سیول کیو آر ٹی کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور فوری طور پر تلاش مہم کا آغاز کیا۔تلاش کے دوران اگرچہ کوئی سراغ نہیں ملا تاہم جائے وقوعہ سے ایک موبائل فون برآمد ہوا۔ موبائل کی تصدیق کے بعد نوجوان کی شناخت ادریس احمد بٹ ولد عبدالحمید بٹ، سکنہ ریلوے چوک، بانہال، عمر 24 سال کے طور پر ہوئی۔ذرائع کے مطابق، دریائے چناب میں ان دنوں پانی کا بہاؤ انتہائی تیز اور خطرناک سطح پر ہے، جس کی وجہ سے سرچ آپریشن میں مشکلات درپیش آ رہی ہیں۔ایس ایچ او وکرم پریہار نے بتایا کہ نوجوان کی تلاش کے لئے کوششیں جاری ہیں اور تمام متعلقہ ایجنسیاں پوری مستعدی سے کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کسی کو بھی متعلقہ نوجوان کے بارے میں کوئی اطلاع ہو تو فوری طور پر پولیس کو آگاہ کریں۔یہ واقعہ نہ صرف مقامی لوگوں کو غمزدہ کر گیا بلکہ ایک بار پھر دریائے چناب کی تیزی اور خطرناک نوعیت کو اجاگر کرتا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان کی گمشدگی کے حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے اور تمام پہلوؤں پر غور کیا جا رہا ہے۔