سرینگر//حریت (گ) چیئر مین سید علی گیلانی نے وادی میں منشیات کو ایک منظم اور مربوط طریقے پر فروغ دینے کی کارروائیوں کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہماری نوجوان نسل کومنشیات کا عادی بناکر بے حس اور بے جان بنایا جارہا ہے، انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کی نگرانی کرکے ان کی زندگیوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں، تاکہ آگے چل کر یہ ان کی زندگیوں کے لیے وبال جان نہ بن جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر میں بالعموم اور ضلع کپواڑہ اور بارہمولہ میں بالخصوص فوج کی طرف سے اسکولوں کا جال پھیلا کر زیرِ تعلیم بچے غیر محسوس طریقے پر اپنی دینی اور تہذیبی اقدار سے بھی غیر مانوس بنائے جارہے ہیں، جبکہ فوج کے اہتمام سے کھیل کود اور بھارت درشن ٹیور کے نام پر بھی ہماری نوجوان نسل کے ذہنوں کو آلودہ کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں جو ہمارے لیے ایک لمحۂ فکریہ ہے اور ہمیں اس کا سدِ باب بھی سوچنا ہوگا۔ انہوں نے قوم سے دردمندانہ اپیل کی کہ وہ معمولی فوائد کے لیے اپنے بچوں کے مستقبل اور ذہنی نشوونما کے ساتھ کھلواڑ نہ کریں اور وہ ان اسکولوں اور اداروں میں داخل کرنے سے پہلے سوچیں۔