عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// بھارتیہ جنتا پارٹی جموں و کشمیرکے جنرل سکریٹری اشوک کول نے بی جے وائی ایم کے صدر ارون پربھات سنگھ کے ہمراہ ریذیڈنسی روڈ چرچ لین میں یووا مورچہ کے ایک اجلاس سے خطاب کیا۔موصولہ بیان کے مطابق اشوک کول نے سماج میں نوجوانوں کے اہم رول پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قوم کا مستقبل نوجوانوں کی ہمت، محنت اور مستقبل کے وژن سے متعین ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان قوم کی تعمیر اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں کیونکہ وہ ملک کے مستقبل کے رہنما ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان میں مثبت تبدیلی لانے اور معاشرے میں اہم کردار ادا کرنے کی صلاحیت ہے۔کول نے کہا’’گزشتہ ساڑھے نو سالوں میں بہت کچھ کیا گیا ہے اور مودی حکومت ملک کے لئے بہت کچھ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ اب نوجوانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ وزیر اعظم کے مشن کو آگے لے جائیں اور بی جے وائی ایم کے کارکنوں کو اس پیغام کو لوگوں تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔ اشوک کول نے کارکنوں سے کہا کہ وہ منڈل سشکتی کرن ابھیان کے ساتھ پوری لگن سے کشمیر میں زمینی سطح پر کامیابی کے ساتھ آگے بڑھیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ 25 نومبر سے 3 دسمبر 2023 تک منعقد ہوگا۔ارون پربھات نے منڈل سشکتی کرن ابھیان پر مزید تفصیلات شیئر کئے۔ انہوں نے کہا کہ پورے جموں کشمیر میں پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط کرنے کے لئے بی جے پی یوتھ ونگ کے 225 وستراک 225 منڈلوں میں 10 دن تک کیمپ کریں گے۔ انہوں نے مودی حکومت کی نوجوانوں پر مبنی اسکیموں اور کامیابیوں کو عام نوجوان عوام تک لے جانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ پہلی بار ووٹروں کو قوم کی مجموعی ترقی کے لیے اپنے ووٹ کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کریں۔اس موقع پر بی جے وائی ایم کے نائب صدر عاصم رشید، عمر جان، سکریٹری، لو دیول شرما، ریاستی سکریٹری اور خالد بقال، پبلسٹی سکریٹری، ساگر کوتوال، سوشل میڈیا سکریٹری، عابد ننگرو، معروف بٹ اور دیگر موجود تھے۔