نئی دہلی // بھاجپا نے کہا ہے کہ نئی دہلی پی ڈی پی کو توڑنے کی کوشش نہیں کررہی ہے ۔کشمیر امور کے انچارج رام مادھو نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ عسکریت میں شامل ہوئے نوجوانوں کی کمر توڑنے کے لئے مرکزی سرکار اور فوج کافی ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی جنرل سیکریٹری نے کہا ’’محبوبہ جی کا بیان بد قسمتی اور جھوٹ پر مبنی ہے انہیںبیان بازی اور جنگجوئوں کے نام پر دلی کو دھمکانے کے بجائے پارٹی کے اندرونی معاملات کو سنبھال لینا چاہے تھا۔رام مادھو نے کہا ’’ دلی میں کوئی بھی ایسا نہیں بیٹھا ہے جو انکی پارٹی کو توڑنے کی کوشش کرتا ہے۔ مادھو نے کہا کہ جہاں تک بی جے پی کا سوال ہے ہم کسی بھی پارٹی کو توڑ نے کی کوشش میں نہیں ہیں ۔انہوں نے جنگجوئوں کے نام پر دھمکیاں دینے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی سرکار اور فوج کووادی میں سرگرم ان جنگجوئوں کے خلاف لڑنے کے لئے طاقت ہے جو محبوبہ جی کی وجہ سے جنگجو بنے ہیں‘‘ ۔خیال رہے محبوبہ مفتی نے جمعہ کے روز یوم شہداء کی ایک تقریب کے دوران مزار شہداپر میڈیا کے ساتھ بات کر نے کے دوران دلی کو تنبیہ کی تھی کہ اگر ان کی پارٹی کو توڑنے کی کوشش کی گئی تو اسکے بھیانک نتائج برآمد ہونے کے ساتھ ساتھ وادی میں مزید یاسین ملک اور صلاح الدین پیدا ہوں گے۔ جس پر سیاسی حلقوں میں زبرست ہل چل مچ گیا ہے جبکہ پی ڈی پی کے چار بھاغی لیڈارن نے ممبر اسمبلی پٹن عمران رضا انصاری کی قیادت میںایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کر کے پارٹی صدر پر جوابی حملے کئے۔