عظمیٰ نیوزسروس
کٹھوعہ // نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے جموںوکشمیر کے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ منشیات کے استعمال سے نمٹنے میں بھگت سنگھ، راج گورو اور سکھ دیو جیسے نوجوان شہدأ کی قربانی اور ہمت سے تحریک لیں ۔اُنہوں نے یومِ شہدأکے موقعہ پر رام لیلا گراؤنڈ کٹھوعہ میں ایک اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں کو منشیات کے بڑھتی ہوئی لت کے خلاف مزاحمت کرنے اور پڑوسی ریاست میں اس کے تباہ کن اثرات سے سیکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔تقریب میں سابق رکن پارلیمنٹ اور وزیر لال سنگھ، سابق رُکن قانون ساز اور وزیر بابو سنگھ، سابق ممبر اسمبلی اور وزیر ڈاکٹر منوہر لال شرما سمیت دیگر نمائندے بھی موجود تھے۔نائب وزیر اعلیٰ نے ہندوستان کے مجاہدینِ آزادی کی عظیم قربانیوں کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو ان کی حب الوطنی اور قوم کے تئیں عزم سے سبق لینا چاہیے۔ اُنہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تعمیری طرزِ زندگی کا اِنتخاب کریں، منشیات سے دور رہیں اور معاشرے میں مثبت روک اَدا کریں۔ اُنہوں نے کہا، ‘‘ہمیں اپنے بہادروں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے قوم کی تعمیر میں تعمیری رول اَدا کرنا ہوگا، تمام چیلنجوںکے خلاف اپنی آواز بلند کرنی ہوگی اور ملک کو نئی بلندیوں تک لے جانا ہوگا۔‘‘ اُنہوں نے معاشرتی برائیوں کے خلاف اِجتماعی کارروائی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے عوام پر زور دیا کہ وہ معاشرتی سمت پر غور کریں اور ایک صحت مند اور منشیات سے پاک معاشرے کے لئے مل کر کام کریں۔سریندر کمار چودھری نے ہندوستان کے عظیم ورثے کو اُجاگر کرتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ رشیوں، منیوں، صوفیوں اور سنتوں کی تعلیمات کو اَپنائیں اور ملک کی سا لمیت اور تنوع کو برقرار رکھیںجو ہندوستان کو ایک منفرد اور ترقی پذیر جمہوریت بناتا ہے۔اُنہوں نے منشیات کی سمگلنگ کو روکنے کی فوری ضرورت پر زور دیا بالخصوص کٹھوعہ میں ، جو سرحدی ضلع ہے ۔ اُنہوں نے کہا ،’’پڑوسی ریاست سے منشیات کے خطرے کا سامنا ہے اور ہمیں متحد ہو کر اس بدعت کو اَپنے معاشرے سے ختم کرنا ہوگا۔‘‘ اُنہوں نے سماج کے تمام طبقوں پر زور دیا کہ وہ اس بحران سے لڑنے کے لئے اَپنے عزم کا عہد کریں۔اِس کے علاوہ نائب وزیر اعلیٰ نے جموں و کشمیر میں غیر قانونی کان کنی کے خلاف حکومت کے عزم کو دہرایا۔اُنہوں نے کہا،’’غیر قانونی کان کنی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور جو بھی ہمارے وسائل کا غلط استعمال یا استحصال کرے گا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔‘‘اِس سے قبل اُنہوں نے آر اینڈ بی کے سینئرافسران کے ہمراہ مرکزی روڈ فنڈ (سی آر ایف) کے تحت تعمیر ہورہا جوتھانہ پُل کے جاری تعمیراتی کام کا معائینہ کیا۔ 500 میٹر طویل پری سٹریسڈ کنکریٹ ڈبل لین پُل کے ساتھ ساتھ اِس کی 1,875 میٹر طویل رابطہ سڑکیں بھی تعمیر کی جا رہی ہیں،کو 3,120 لاکھ روپے کی لاگت سے بنایا جا رہا ہے۔ اُنہوں نے تعمیراتی ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ (ڈِی پی آر) کے مطابق معیاری تعمیر کو یقینی بنائیں اور کسی بھی انحراف یا بے ضابطگی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ایک بار مکمل ہونے کے بعد اس پُل سے تقریباً 10,000 سے 15,000 لوگوں کو فائدہ پہنچنے کی اُمید ہے جس سے خطے میں رابطے میں نمایاں بہتری آئے گی اور ٹرانسپورٹیشن میں آسانی ہوگی۔نائب وزیر اعلیٰ نے سانجی موڑ۔خانپور روڈ کا بھی دورہ کیا جہاں مقامی رہائشیوں نے پانی بھر جانے اور مناسب نکاسی کے فقدان کے بارے میں شکایات پیش کیں۔ اُنہوں نے فوری طور پر ا یگزن ہیرانگر کو ہدایت دی کہ وہ مقامی کمیونٹی کے تعاون سے مناسب نکاسی نظام تعمیر کریں۔اُنہوں نے حکومت کی بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ عوامی کاموں میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گااوراُنہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ چوکس رہیں اور ایک خوشحال جموں و کشمیر کی تعمیر میں سرگرمی سے حصہ لیں۔