کشمیر میں بنیاد پرستی میں ملوث تنظیموں اور افراد کیخلاف قدم اٹھائیں:ایل جی سنہا
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کو نوجوانوں سے وادی کشمیر میں بنیاد پرستی میں ملوث تنظیموں اور افراد کے خلاف قدم اٹھانے کی اپیل کی۔وہ جموں میں محکمہ یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس اینڈ سکول گیمز فیڈریشن آف انڈیا کے زیر اہتمام 69ویں نیشنل سکول گیمز-2025کی اختتامی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔اپنے خطاب میں لیفٹیننٹ گورنر نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ اتحاد کے جذبے کو پروان چڑھائیں اور امتیازی سلوک سے پاک ایک بہتر دنیا کی تعمیر کریں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا’’نوجوان کھلاڑی ملک کی تقدیر کے معمار ہیں اور وہ اس ملک کے سنہری مستقبل کی تعمیر کے لیے قومی اتحاد کے جذبے کو فروغ دینے کے ذمہ دار ہیں۔ قومی مقاصد کے لیے کام کرنے والی نوجوان توانائی معاشرے میں متحرک ہوتی ہے‘‘۔لیفٹیننٹ گورنر نے تمام جیتنے والوں اور شرکاء کو مبارکباد دی۔ انہوں نے نیشنل سکول گیمز کے کامیاب انعقاد پر ٹیموں کی انتظامیہ، کوچز اور آفیشلز کو بھی مبارکباد دی۔ لیفٹیننٹ گورنر نے نوجوانوں سے کہا’’بڑے خواب دیکھیں اور ان خوابوں کو سچ کرنے کی ہمت رکھیں۔ رول ماڈل کے طور پر، آپ معاشرے میں ایک خاص مقام رکھتے ہیں اور آپ پر آنے والی نسلوں کو، میدان کے اندر اور باہر حوصلہ افزائی کرنے کی بہت بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ کھیل کے میدان سے لے کر نچلی سطح تک، آپ کو کھیلوں کے ذریعے ترقی پسند پالیسیوں اور سماجی تبدیلی کے لیے مسلسل جدوجہد کرنی چاہیے‘‘۔لیفٹیننٹ گورنر نے فاتحین اور دیگر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ٹیموں اور مختلف کھیلوں کے شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو ٹرافیاں دیں۔ انہوں نے محکمہ یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کا ایک کمپنڈیم بھی جاری کیا۔