عظمیٰ نیوز سروس
جموں//مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت نے سوامی وویکانند کے ’وژن انڈیا‘ کو محسوس کر کے اس کو بطور وکشت بھارت ابھیان کے طورپر شروع کیا ۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ سوامی وویکانند کے 161 ویں یوم پیدائش اور سوامی وویکانند میڈیکل مشن چیری ٹیبل ہسپتال امپھلہ کے 54 ویں یوم تاسیس کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران نوجوانوں کی صلاحیتوں کی تعمیر پر زور دیا تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کی پوری طاقت کو محسوس کر سکیں اور اپنی توانائیوں کو اس مقصد کے لئے استعمال کر سکیں۔وزیر نے زور دیا کہ وہ امرت کال کے اگلے 25 سالوں میں اپنی طاقت، صلاحیت اور ہنر کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں تاکہ وہ سال 2047 تک ایک ترقی یافتہ ہندوستان کے وژن کو پورا کرنے میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہاکہ وزیر اعظم مودی قومی تعلیمی پالیسی (این ای پی) 2020 لائے۔ سوامی وویکانند کے مطابق، تعلیم کا آئیڈیل صلاحیتوں کی تعمیر اور انسانوں کی ترقی ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ یہی وہ آئیڈیل ہے جس نے NEP 2020 کو متاثر کیا جو طلباء کی صلاحیتوں اور قابلیت کو سامنے لانے پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔ موصوف نے کہا کہ پہلے طلباء اپنے والدین کی امنگوں کے قیدی تھے، اب انہیں اپنی اہلیت کی بنیاد پر مضامین کے انتخاب اور تبدیلی کی آزادی حاصل ہو گئی ہے۔حکومت کی فلاحی اسکیموں کی نمایاں خصوصیات کا ذکر کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ براہ راست فوائد کی منتقلی (DBT) نے اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ نقد فوائد مستفیدین کے بینک کھاتوں تک براہ راست پہنچ کر نظام سے درمیانی افراد کو نکال کر مزید شفافیت کا آغاز کیا ہے۔ اسی طرح، اجولا یوجنا کے تحت مفت گیس سلنڈر بغیر کسی مذہب یا ذات پات کی بنیاد پر مستحقین کو فراہم کئے جا رہے ہیں۔