سرینگر//حریت(ع) چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے چاڈورہ معرکے میں جان بحق ہوئے توصیف احمد وگے کے والد کے ساتھ فون پر تعزیت پرسی کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ مرحوم توصیف اور ہمارے دیگر ہزاروں شہداء نے جس بلند نصب العین کیلئے قربانیاں دی ہیں وہ کسی قیمت پر نظر انداز نہیں کی جائیں گی اور رواں جدوجہد آزادی کو پایہ تکمیل تک لیجانے کیلئے قیادت اور عوام وعدہ بند ہے اور ہماری جدوجہد ہر قیمت پر جاری و ساری رہے گی۔ میرواعظ نے شہید کے بلند درجات کی دعائوں کے ساتھ ساتھ ان کے لواحقین کیلئے صبر جمیل اور ہمت و حوصلہ کی خصوصی دعا کی۔اس دوران جموںوکشمیر عوامی مجلس عمل نے سربراہ تنظیم اور دیگر مزاحمتی قائدین ،کارکنوں ،عہدیداروں اور نوجوانوں کی اندھا دھند گرفتاریوںکو الیکشن عمل کا شاخسانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نواز سیاستدان نہ صرف موقعہ پرست ہیںبلکہ وہ اقتدار کے حصول کیلئے کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں۔ ان سیاستکاروںکا مقصد کشمیری عوام کو صرف سبز باغ دکھا کر اپنے حقیر مقاصد کی تکمیل مقصود ہے تاہم اب حریت پسند اور باشعور عوام حقائق سے واقف ہوچکے ہیں اور بھارت نواز سیاستدانوںکی قلابازیوں کے بہکاوے میںآنے والے نہیں ہیں ۔تنظیم نے میرواعظ کی مسلسل خانہ نظر بندی کو ان کی شخصی آزادی کو سلب کرنے کا مذموم منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ میرواعظ نہ صرف ایک پلند پایہ سیاستدان ہیں جو کشمیری عوام کے جذبات اور احساسات کی ترجمانی کررہے ہیں بلکہ مسلمانان کشمیر کے سب سے بڑے مذہبی رہنما بھی ہیں اور اس حوالے سے ان کی دینی اور منصبی فرائض پر پابندی نہ صرف افسوسناک ہے بلکہ ریاستی حکمرانوں کی انتقام گیرانہ سیاستکاری سے عبارت پالیسی ہے۔تنظیم نے میرواعظ سمیت سرکردہ مزاحمتی رہنمائوں سید علی شاہ گیلانی، محمد یاسین ملک، مختار احمد وازہ، شاہد الاسلام، فاروق احمد سوداگر، عبدالرشید ٹنکی اور دیگر سینکڑوں حریت پسند کارکنوں اور نوجوانوں کی تھانہ و خانہ نظر بندی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان حربوں سے حکمرانوں کو کچھ بھی حاصل ہونے والا نہیں ہے اور نہ ہی ان ہتھکنڈوں سے قیادت اور نوجوانوں کے حوصلوں کو شکست دی جاسکتی ہے۔