سرینگر// ریاست میں کھیل کود کی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مثبت سمت دینے کی ایک کڑی کے طور صحت و طبی تعلیم محکمہ وادی میں رواں سیزن کے دوران جامع ریاستی سطح کا ایک کھیل کود سے متعلق پروگرام شروع کرنے پر غور کر رہا ہے ۔ اس سلسلے میں مذکورہ محکمے کے وزیر بالی بھگت کی صدارت میں کل ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں پروگرام کے حوالے سے لایحہ عمل ترتیب دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیر نے کہا کہ جسمانی اور ذہنی نشو و نما کیلئے کھیل کود کا کافی اہم رول ہے اس لئے سرکار مستقبل میں ڈاکٹروں ، طبی طلبا اور دیگر افراد کیلئے وقتاً فوقتاً کھیل کود کے مقابلے منعقد کرنے کیلئے لایحہ عمل تشکیل دے گی ۔ میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ محکمہ کے سربراہان پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو ان مقابلوں کے انعقاد کیلئے تمام درکار انتظامات کیلئے لایحہ عمل مرتب کرے گی ۔ مذکورہ کمیٹی دیگر متعلقہ ایجنسیوں سے تال میل بنا کر ٹورنا منٹ کے احسن انعقاد کیلئے مختلف امور کا جائیزہ لے گی ۔ میٹنگ میں محکمہ کے ڈائریکٹر ، میڈیکل کالج سکمز کے پرنسپل ، جی ایم سی کی پرنسپل ، سپورٹس کونسل کے سیکرٹری ، پروجیکٹ دائریکٹر ایٖڈز کنٹرول سوسائیٹی اور دیگر متعلقین موجود تھے ۔