عظمیٰ نیوزسروس
جموں//نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے معیاری تعلیم کی فراہمی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئےکہا کہ یہ نوجوانوں کی ذہنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے ساتھ ساتھ نظم و ضبط کا احساس بھی پیدا کرتا ہے۔اُنہوں نے کہا’’ تعلیم نہ صرف نظم و ضبط پیدا کرتی ہے بلکہ نوجوانوں کی روحانی نشوونما میں بھی مدد کرتی ہے جو ایک قوم کو ترقی یافتہ اور خوشحال بناتی ہے‘‘۔ اِن باتوں کا اِظہارنائب وزیرا علیٰ نےسینک سکول نگروٹہ کے سالانہ دِن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اُنہوں نے کئی دہائیوں سے معیاری تعلیم فراہم کرنے پر سکول کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اِدارہ ہماری نوجوانوں کے مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار اَدا کر رہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اِدارے کے فارغ التحصیل ہونے والوں نے زندگی کے مختلف شعبوں میں اَپنا ایک مقام بنایا ہے۔نائب وزیرا علیٰ نے نوجوانوں سے تعلیمی سرگرمیوں کے حصول میں اَپنا بھرپور رول اَدا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اُنہیں ان رُجحانات سے متاثر نہیں ہونا چاہئے جو ان کی صحت اور مستقبل کے لئے نقصان دہ ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس کے بجائے اُنہیں اَپنی قوم کو ترقی یافتہ اور خوشحال بنانے میں اپنی توانائیاں اور وقت صرف کرنا چاہیے۔تقریب کا آغاز سینک سکول نگروٹہ کے مخصوص انداز میں مہمان خصوصی کو گارڈ آف آنر پیش کرنے سے ہوا جو نظم و ضبط اور درستگی کی عکاسی کرتا ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ نے اکیڈمک بلاک میں آرٹ، فوٹوگرافی اور سائنس نمائش کا بھی اِفتتاح کیا جس میں کیڈٹوں کی تخلیقی صلاحیتوں اور سائنسی فراست و بصیرت کا مظاہرہ کیا گیا۔سکول آڈیٹوریم میں ایک شاندار ثقافتی پروگرام پیش کیاگیا جس میں مختلف قسم کی پرفارمنس پیش کی گئیں جس میں طلبأکی صلاحیتوں اور تنوع کو اُجاگر کیا گیا۔ تقریب کی خاص بات کاک ہاؤس ٹرافی کی پرزنٹیشن تھی جو جونیئر اور سینئر دونوں زُمروںمیں مجموعی طور پرچمپئن شپ حاصل کرنے پر سندھ ہاؤس کو دی گئی۔پرنسپل کیپٹن (آئی این) شیبو دیواسیا نے اَپنے خطاب میں سکول کی سالانہ رِپورٹ پیش کی۔ اُنہوں نے تعلیمی سیشن 2024-25 ء کے دوران سکول کی نمایاں کامیابیوں پر روشنی ڈالی اور کیڈٹوں میں حب الوطنی کو فروغ دینے اور تعلیمی مہارت، ہمہ گیر ترقی کے لئے اسکول کے عزم کو اُجاگر کیا۔