مالی خواندگی کو عام کرنے کیلئے بی ایس ای کے ساتھ معاہدے پر دستخط
جموں//بی ایس ای ایشیا کے سب سے پرانے ایکسچینج مشن یوتھ جموں وکشمیر کے ساتھ 4معاہدوں پر دستخط کئے تاکہ یونین ٹریٹری میں مالی خواندگی ، معاشی ترقی اور پائیدار روزگار کی حوصلہ افزائی یقینی بنائی جاسکے۔معاہدوں پر دستخط بی ایس ای کے نمائندوں اور سی ای او مشن یوتھ ڈاکٹرسیّد عابد رشید شاہ نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی موجودگی میں کئے ۔واضح رہے مشن یوتھ کے تحت حکومت جموںوکشمیر مختلف شعبوں میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے ہنر میں خامیاں کم کرنے اور ایک موافق ماحول پیدا کرنے کے لئے متواتر کام کر رہی ہے ۔ اس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموںوکشمیر حکومت بی ایس ای کے مابین اشتراک سے جموںوکشمیر کے لوگ بالخصوص نوجوان اور خواتین مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور پائیدارروزگار کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ جموںوکشمیر نوجوانوں میں مالی خواندگی عام کرنے کے لئے بہترین عالمی طریقۂ کار اپنا رہے ہیں۔ایم ڈی اینڈ سی ای او بی ایس ای نے بھی اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اِظہار کیا ہے۔ سی ای او مشن یوتھ ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ نے کہاکہ اس اشتراک سے اہل اُمید وار مالی خواندگی پروگراموں میں شرکت کرسکیں گے ۔انہیں بینکنگ اور دیگر مالی اور مارکیٹ سے متعلق کورسوں میں داخلہ مل سکے گا جس سے وہ بی ایس ای سٹار میوچیول فنڈ پلیٹ فارم میں داخلہ لے سکیں گے۔اِس موقعہ پر چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم ،لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری نتیشور کمار چیئر مین جموں وکشمیر بینک آر کے چبر ،منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای اوامبارش دتتہ ، بی ایس ای انسٹی چیوٹ لمٹیڈ اور دیگر سینئر افسران موجود تھے۔