جموں// سیاحت کے وزیر تصدق حسین مفتی نے متعلقہ افسروں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ٹریول انڈسٹری کو بڑھاوا دینے کے اقدامات کریں ۔وزیر موصوف ، جو کہ پتنی ٹاپ کے 2روزہ دورے پر ہیں، نے آج وہاں سیاحتی ڈھانچے اور اس سے جڑی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔تصدق مفتی نے سدھ مہادیو، من تلائی سیاحتی استقبالیہ مرکز ، بگلی ہار ڈیم اور بٹوت کادورہ کر کے مختلف تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ وزیر کو بتایا گیا کہ من تلائی میں سیاحتی استقبالیہ مرکز پر کام شدو مد سے جاری ہے اور اس میں جدید سہولیات دستیاب رکھی جائیں گی۔ وزیر نے مطلوبہ نتائج کی حصولیابی کے لئے افسروں کو اپنی کوششوں میں تیزی لانے کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے علاقے کے مقامی ماحول کو مدنظر رکھتے ہوئے تعمیراتی ڈھانچے کھڑا کرنے کی تلقین کی۔ وزیر نے سرکار کی جانب سے شروع کی گئی سکیموں کے بارے میں جانکاری عام کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔انہوں نے نوجوانوں سے تلقین کی کہ وہ خود روزگار سکیموں سے استفادہ کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے ۔ وزیر نے اہداف کی حصولیابی کے لئے مختلف محکموں کے مابین قریبی تال میل پر زور دیا ۔تصدق حسین مفتی نے کہا کہ عوام کو فراہم کی جانے والی خدمات میں بہتری لائی جانی چاہیئے۔سیاحت سے جڑے افراد سے بات چیت کے دوران تصدق حسین مفتی نے ماحول کو آلودگی سے پاک رکھنے کی ضرورت پر زور دیااور کہا کہ کوڑا کرکٹ کو سائنسی بنیادوں پر ٹھکانے لگایا جانا چاہیئے ۔ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن ، جوائنٹ ڈائریکٹر سیاحت اور دیگر افسران بھی وزیر کے ہمراہ تھے۔