جموں // نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے بچوں اور نوجوانوں کو ثقافتی اور دانشورانہ سرگرمیوں میں مصروف رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا کرنے سے اُن کی صلاحیتوں کو ایک نئی سمت دی جاسکتی ہے۔نائب وزیر اعلیٰ ابھینو تھیٹر میں نٹرنگ کی طرف سے سیلیبریٹنگ چائلڈ ہُڈ کے موضوع پر منعقدہ چار روزہ فیسٹول کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔اس پروگرام کے دوران نائب وزیر اعلیٰ نے جموں کے دو با صلاحیت بچوں ورندا گجرال اور ستیم مہرہ کی عزت افزائی کی جنہوں نے سونی ٹی وی پر ٹیلی کاسٹ کئے گئے ٹیلنٹ شو سب سے بڑا کلاکار میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ثقافت کی وزیر مملکت پریا سیٹھی، نٹرنگ کے ڈائریکٹر بلونت ٹھاکر کے علاوہ کئی دیگر اہم شخصیات بھی اس موقعہ پر موجود تھیں۔نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تھیٹر کی بدولت بچوں میں اعتماد پیدا ہوتا ہے اور انہیں زندگی میں کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے نوجوانوں کے ہُنر اور صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے کئی اہم اقدامات کئے ہیں تا کہ وہ قومی اور بین الاقوامی سطحوں کے مقابلوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرسکیں۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے پریا سیٹھی نے اکاڈمی اور وہاں موجود لوگوں سے کہا کہ وہ ان دو کلاکاروں کے ٹیلنٹ کو سوشل میڈیا کے ذریعے اُجاگر کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جموں میں عنقریب ایک رائٹرس کلب قائم کرے گی تا کہ دانشوروں کو اپنے خیالات اور ثقافتی ترقی کے حوالے سے تبادلہ خیال کرنے کی ایک موزوں جگہ دستیاب ہوسکے۔بعد میں نائب وزیر اعلیٰ نے اس فیسٹیول میں شرکت کرنے والے بچوں میں اسناد تقسیم کیں۔