فیاض بخاری
بارہمولہ//ڈائریکٹر جنرل پولیس آر آر سوین نے کہا کہ پولیس نوجوانوں کو بندوق اٹھانے اور دہشت گرد تنظیموں میں شمولیت کرنے سے باز رکھنے کے لیے کوششیں کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد سے زیادہ نوجوانوں کو بندوق اٹھانے کے لیے تیار کرنے والا زیادہ بڑا مجرم ہے۔ان باتوں کا اظہار پولیس چیف نے بارہمولہ میں عوامی دربار کے حاشیہ پر نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو تشدد سے دور رکھنے کی خاطر پولیس کی جانب سے نئی حکمت عملی ترتیب دی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو دہشت گردی اور منشیات کی لت سے محفوظ رکھنے کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔پولیس سربراہ نے کہا ’’سیول سوسائٹی، علمائے کرائم ، ائمہ مساجد کے ساتھ مل کر ایسا لائحہ عمل ترتیب دیا جائیگا، جس سے نوجوانوں کو تشدد سے پرے رکھا جاسکے‘‘۔انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو بندوق اٹھانے کیلئے تیار کرنے والا ہی اصل مجرم ہے اور ایسے افرادکے خلاف ہم سخت کارروائی عمل میں لا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بندوق اٹھانے والا کم عمر نوجوان ایک مظلوم ہوتا ہے لہٰذا پولیس ایسے افراد کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹے گی جو نوجوانوں کو بندوق اٹھانے پر آمادہ کر رہے ہیں۔ڈی جی پی نے مزید بتایا کہ ہم نئی حکمت عملی پر کام کر رہے ہیں تاکہ دہشت گردی کو فروغ دینے والے عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے۔منشیات کے بارے میں سوین کا کہنا تھا کہ یہ کاروبار کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کہ ایسے عناصر کو سماج سے الگ تھلگ کرنے کی ضرورت ہے۔پولیس سربراہ نے مزید بتایا کہ منشیات کا عادی نوجوان ہی منشیات فروش بن جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم مظلوم کو الگ کریں گے لیکن پھر بھی اس کے تار منشیات کے کاروبار سے جڑے ہوتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف پولیس نے بڑے پیمانے پر کریک ڈاون شروع کیا ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ منشیات کا کاروبار کرنے والے یا دہشت گردی کو فروغ دینے والوں کے بارے میں پتہ دینے والوں کو انعام سے بھی نوازا جارہا ہے تاکہ اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینک دیا جاسکے۔انہوں نے کہاکہ بارہ مولہ میں آج پہلا عوامی دربار منعقد ہوا جس میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے اپنے اپنے مسائل ابھارے۔ڈی جی پی نے کہاکہ لوگوں کے مسائل حل کرنا ترجیحات میں شامل ہیں اور اس حوالے سے پولیس محکمہ چوبیس گھنٹے کام کررہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عوامی دربار میں زیادہ تر پولیس پریوارسے جڑے افراد اپنے مسائل کے حل کی خاطر آتے ہیں جن میں زیادہ تر مسائل ایس آر او، ٹرانسفر کیسز ، بچوں کی تعلیم اور صحت سے جڑے ہوئے ہوتے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ لوگوں کے مسائل حل کرنے کی خاطر اب الگ سے سینئر آفیسران کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے جبکہ حکومتی سطح پر بھی گروینس سیل کام کر رہی ہیں۔