روزگار میلے نوجوانوں کی امنگوں کو پورا کرنے کا طاقتور ذریعہ
عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی //وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو یہاں روزگار میلہ میں 51 ہزار نوجوانوں کو تقرری نامہ جاری کیا اور کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ مودی نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے نو تعینات ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقرریاں صرف سرکاری ملازمتیں نہیں ہیں بلکہ ملک کی تعمیر میں فعال طور پر حصہ ڈالنے کا ایک موقع ہے انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ نئے ملازمین لگن اور ایمانداری کے ساتھ کام کریں گے اور مستقبل کے ہندوستان کے لیے ایک بہتر نظام کی تعمیر میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے نئے تعینات ہونے والے ملازمین پر زور دیا کہ وہ ‘ناگرک دیوو بھواکے منتر کو نہ بھولیں نیز خدمت اور لگن کے جذبے سے کام کریں۔وزیراعظم نے کہا کہ جب نوجوانوں کے جذبے، محنت، صلاحیت اور خود اعتمادی کو قوم کی خدمت کے جذبے کے ساتھ ملایا جاتا ہے تو ان کی کامیابی ذاتی حصولیابی سے بڑھ کر ملک کی فتح بن جاتی ہے۔ انہوں نے کہا، “گزشتہ 11 برسوں سے، قوم ایک ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کے عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے اور نوجوان اس سفر میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ نوجوانوں کو بااختیار بنانا ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔”مسٹرمودی نے کہا کہ روزگار میلے نوجوان ہندوستانیوں کی امنگوں کو پورا کرنے کا ایک طاقتور ذریعہ بن چکے ہیں اور حالیہ دنوں میں ان میلوں کے ذریعے 11 لاکھ سے زیادہ تقرری خط جاری کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کوششیں صرف سرکاری ملازمتوں تک محدود نہیں ہیں۔ حکومت نے ساڑھے تین کروڑ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے مقصد کے ساتھ ‘پردھان منتری وکست بھارت روزگار یوجنا شروع کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ‘اسکل انڈیا مشن جیسے اقدامات نوجوانوں کو ضروری تربیت فراہم کر رہے ہیں، جبکہ نیشنل کریئر سروس جیسے پلیٹ فارم انہیں نئے مواقع سے جوڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پلیٹ فارم کے ذریعے 7 کروڑ سے زائد آسامیوں کی معلومات نوجوانوں کے ساتھ شیئر کی گئی ہیں۔ وزیر اعظم نے نوجوانوں کے لیے ایک بڑی پہل ‘پرتیبھا سیتو پورٹل کا اعلان کیا، جوان امیدواروں کو مواقع فراہم کرتا ہے جو یونین پبلک سروس کمیشن کی حتمی فہرست میں تو پہنچ گئے تھے لیکن ان کا انتخاب نہیں کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کوششیں رائیگاں نہیں جائیں گی کیونکہ اب نجی اور سرکاری دونوں ادارے پورٹل کے ذریعے ان باصلاحیت افراد سے رابطہ قائم کر رہے ہیں۔ملک بھر میں جی ایس ٹی کی شرحوں میں کمی جیسی اہم اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ جب روزمرہ کی اشیاء سستی ہو جاتی ہیں تو مانگ بڑھ جاتی ہے اور مانگ بڑھنے سے پیداوار اور سپلائی چین میں تیزی آتی ہے اور کارخانوں میں پیداوار بڑھنے سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان اس وقت دنیا کا سب سے نوجوان ملک ہے اور ہندوستان کے نوجوانوں کی طاقت اس کا سب سے بڑا اثاثہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ یقین اور اعتماد خارجہ پالیسی سمیت تمام شعبوں میں ملک کی ترقی کی رہنمائی کرتا ہے جسے اب نوجوان ہندوستانیوں کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے تشکیل دیا جا رہا ہے۔