نئی دہلی//کانگریس نے اسٹاف سلیکشن کمیشن (ایس ایس سی) کے امتحانات میں پیپر لیک معاملہ پر مظاہرہ کررہے نوجوانوں پر پولیس کی لاٹھی چارج کو 'مجرمانہ کارروائی' قرار دیتے ہوئے آج مطالبہ کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی کو سوالات کے پیپر کے وقت سے پہلے عام ہونے کے معاملہ پر اپنی خاموشی توڑ کر وضاحت دینی چاہئے ۔کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے یہاں نامہ نگاروں سے کہاکہ مودی حکومت گزشتہ چار برس سے نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کررہی ہے ۔ اس سے نوجوانوں میں منفی جذبات پیدا ہورہے ہیں جو ملک کے مفاد میں نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایس ایس سی اور سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) میں سوالات کے پیپر لیک ہورہے ہیں جس کے سبب نوجوان اور والدین فکرمند ہیں۔ اس پر مظاہرہ بھی کیا جارہا ہے لیکن انسانی وسائل کے فروغ کے وزیر پرکاش جاویڈکر یا کوئی دیگر وزیر صورتحال واضح نہیں کرپارہا ہے ۔ مسٹر مودی کو اس سلسلہ میں اپنی خاموشی توڑ کر وضاحت دینی چاہئے ۔ایس ایس سی کے پییر لیک معاملہ میں مظاہرہ کررہے نوجوانوں پر کل پولیس کے لاٹھی چار ج کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ حکومت کی مجرمانہ کارروائی ہے ۔ یہ ہمارے ملک کے شہری ہیں۔ ان کی بات سنی جانی چاہئے ۔ انہوں نے نوجوانوں کے مطالبہ کی حمایت کرتے ہوئے کہاکہ پورے معاملہ کی سپریم کورٹ کے جج سے تفتیش کرائی جانی چاہئے ۔انسانی وسائل کے فروغ کے سکریٹری انل سوروپ نے ٹوئٹ میں پیر کو بارہویں کے ہندی کے ہونے والے امتحان ہندی (الیکٹیو) کے سوالات کا پیپر لیک ہونے کے بارے میں طلبا کو بتایا کہ یہ محض افواہ ہے اور یہ 2017 کا ہندی کمپارٹمنٹ کا پیپر ہے ۔اسپیشل پولیس کمشنر (جرائم) آر پی اپادھیائے نے کہاکہ انہیں ای میل ایڈرس کے بارے میں جانکاری ملی ہے اور میل بھیجنے والے کی شناخت کی گئی ہے ۔ یو این آئی