اسلام آباد (پاکستان )//وزیراعظم نواز شریف نے کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ کالج پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔ وزیر اعظم نواز شریف نے صوبائی اور وفاقی حکام کو ہدایات جاری کیں کہ وہ اس حملے میں ملوث افراد کو جلد از جلد بے نقاب کرکے انصاف کے کٹہرے میں لائیں۔انہوں نے زیر تربیت پولیس اہلکاروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہدایات بھی جاری کیں۔امریکہ نے کوئٹہ میں دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ بدستور کام کرتا رہے گا تاکہ دہشت گردی کا قلع قمع کیا جاسکے۔وزارت خارجہ ترجمان جان کربی نے کہا’’ہم ان افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں جو اس حملے میں مارے گئے اور جن کے عزیز و اقارب نے اپنی جانوں کی قربانی دی‘‘۔کربی نے مذید کہا’’ ہم پاکستانی عوام اور وہاں کی حکومت کیساتھ اس مشکل وقت میں ساتھ ہیں اور اس بات کا عہد ہے کہ ہم پاکستان اور خطے میں اپنے اتحادیوں کیساتھ دہشت گردی ختم کرنے کیلئے کھڑے ہیںاور ہمیشہ کام کرتے رہیں گے‘‘۔