عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر// نواب بازار میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں تین رہائشی مکان جل کر خاکستر ہوئے جس کے نتیجے میں لاکھوں روپے مالیت کا سامان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گیا اور کئی کنبے کھلے آسمان تلے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہو گئے ۔ سی این آئی کے مطابق شہر خاص کے نوا ب بازار علاقے میں آگ کی ہولناک واردات میں تین رہائشی مکان جل کر خاکستر ہوئے ۔ عین شاہدین کے مطابق اتوار اعلیٰ صبح اچانک ایک رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے ہولناک رخ اختیار کر لیا ۔ آگ لگنے کے ساتھ ہی مقامی لوگوں نے موقعہ پر پہنچ کر آگ بجھانے کی کارورائی شروع کردی جبکہ اس کے ساتھ ہی محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروس کو مطلع کیا گیا اور انہوں نے موقعہ پر پہنچ کر آگ بجھانا شروع کردیا ،تاہم جب تک آگ پر قابو پو لیا گیا تب تک آگ کی اس واردات میں تین رہائشی مکانات جل کر خاکستر ہو گئے تھے اور ان میںموجود ساز و سامان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گیا تھا ۔محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروس کے ایک سنیئر عہدیدار نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آگ کی خبر جونہی ملی تو پولیس، فائر سروس اور مقامی لوگوں نے موقعہ پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے کے لیے انتھک محنت کی اور آگ کو مزید گھروں کو اپنی لپیٹ میں لینے سے روکا۔انہوں نے کہا کہ آگ کی اس واردات میں تین رہائشی مکانات جل کر خاکستر ہو گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جلے ہوئے ڈھانچے میں تین رہائشی مکانات شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ آگ کیسے لگی اس کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔ خیال رہے کہ شہر سرینگر میں آگ لگنے کے واقعات میں آئے روز اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور گزشتہ دنوں بہوری کدل علاقے میںایک ایسے ہی واقعہ میں چار رہائشی مکانات جل کر خاکستر ہو گئے تھے ۔ دریں اثناء سرینگر شہر کے ہی ایک اور علاقہ آلوچی باغ میں اتوار کو ایک آگ کی واردات میں ایک رہائشی مکان خاکستر ہوا ہے ۔ آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں۔