حکومت آئندہ نسلوں کیلئے محفوظ کرنے کی خاطر پُر عزم:نائب وزیر اعلیٰ
سرینگر//نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمارچودھری نے کہا کہ جموں و کشمیر کی ہینڈی کرافٹس و ہینڈلوم صنعت ہمارے امیر اور متنوع ثقافتی ورثے کی نمائندگی کرتے ہیں اور حکومت اس ورثے کو آئندہ نسلوں کے لئے محفوظ رکھنے اور فروغ دینے کے لئے پُرعزم ہے۔ان باتوں کا اِظہار اُنہوں نے کشمیر ہاٹ سرینگر میں اپنی نوعیت کے پہلے گاندھی شلپ بازار 2025 کا اِفتتاح کرنے کے بعد کیا۔یہ سات روزہ میلہ جموں و کشمیر ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن (جے کے ٹی پی او) کی جانب سے صنعت و حرفت محکمہ کے زیر اہتمام نیشنل ہینڈی کرافٹ ڈیولپمنٹ پروگرام (این ایچ ڈِی پی) کے تحت جاری اَقدامات کے حصے کے طور پر کیا جا رہا ہے۔اس موقع پرنائب وزیر اعلیٰ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گاندھی شلپ بازار ہنرمندوں کو قومی سطح پر مارکیٹنگ پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے جہاں ملک بھر کے کاریگر اَپنے اعلیٰ ہنر کا مظاہرہ کرتے ہیں اور ہندوستان دستکاری کے رنگارنگ ورثے کو فروغ دیتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہفتہ بھر جاری رہنے والا میلہ لائیو کرافٹ ڈیموسٹریشنوں اور رعایتی نرخوں پر فن پاروں کی براہِ راست فروخت پیش کرے گا جو آنے والے اَفراد کو ہندوستانی دستکاری کے پس پردہ کاریگری کا مشاہدہ کرنے اور مستند ہاتھ سے بنی مصنوعات براہِ راست کاریگروں سے خریدنے کا ایک منفردموقعہ فراہم کرے گا۔سریندر کمار چودھری نے کہا،’’مجھے اُمید ہے کہ ہمارے کاریگر اس اَقدام سے فائدہ اُٹھائیں گے۔ ہینڈی کرافٹس و ہینڈ لوم ہماری مشترکہ تہذیب، بقائے باہمی اور ہم آہنگی کی علامت ہیںاور ایسے پروگرام ان کے فروغ میں اہم کردار اَدا کرتے ہیں‘‘۔انہوں نے اَپنے دورے کے دوران مختلف سٹالوں کا معائینہ کیا، کاریگروں سے بات چیت کی اور ہینڈی کرافٹس و ہینڈلوم کے شعبوںکے فروغ اور ترقی کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔یہ تقریب اُن نمائشوں کا حصہ ہے جو ملک کے بڑے شہروں اور میٹرو پولیٹن علاقوں میں منعقد کی جا رہی ہیں تاکہ کاریگروں کو ان کی مصنوعات کی مارکیٹنگ اور روایتی فنون و ثقافتی اِظہار کو محفوظ رکھا جا سکے۔اس موقعہ پر منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ٹی پی او،ڈائریکٹر صنعت و حرفت کشمیر،ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈلوم کشمیر،ڈائریکٹرآئی آئی سی ٹی ،منیجنگ ڈائریکٹرہینڈی کرافٹس کارپوریشن،جنرل منیجر ڈِی آئی سی سری نگر،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈِی سی ایچ،جنرل منیجر جے کے ٹی پی اواور دیگر سینئر افسران موجود تھے۔یہ بات قابلِ ذِکر ہے کہ اس میلے میں ملک بھر سے 40 کاریگر شرکت کر رہے ہیں جن میں 28 جنرل کیٹیگری اور 12 شیڈیول کاسٹ کیٹیگری سے تعلق رکھتے ہیں۔ یہ کاریگر مختلف قسم کی ہاتھ سے بنی مصنوعات پیش کر رہے ہیں جن میں پشمینہ، کانی شال، سوزنی کڑھائی، پیپر ماشی، چین سٹچ، بسوہلی مصوری، کریول ورک، بانس و بید کی مصنوعات، خشک پھولوں کا فن، موم بتی سازی، کپڑا گنڈا ڈُنگریا اور کندھ کڑھائی والی شالیں وغیرہ شامل ہیں۔ واضح رہے کہ جے کے ٹی پی او نے حال ہی میں ضلع بڈگام میں جی آئی فیئر۔ بائیر سیلر میٹ کا اِنعقاد کیا جسے مرکزی وزارتِ ٹیکسٹائل کے ڈیولپمنٹ کمشنر (ہینڈی کرافٹس) نے سپانسر کیا جوجموں و کشمیر میں دستکاری کے فروغ اور کاریگروں کی مدد کے لئے اِدارے کے عزم کا ثبوت ہے۔