عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// آئی پی ایس نلین پربھات کو جموں و کشمیر پولیس کا خصوصی ڈائریکٹر جنرل مقرر کیا گیا ہے اور وہ 30 ستمبر کو آر آر سوین کی ریٹائرمنٹ کے بعد فورس کی سربراہی کریں گے۔وزارت داخلہ کی طرف سے جاری کردہ ایک حکم میں کہا گیا ہے کہ پربھات، آندھرا پردیش کیڈر کے 1992 کے آئی پی ایس آفیسر کو “فوری طورپر” جموں و کشمیر بھیجا گیا ہے۔اس میں کہا گیا ہے کہ سوین کے 30 ستمبر کو ریٹائر ہونے پر، “پربھات کو ڈی جی پی، جموں و کشمیر کے طور پر مقرر کیا گیا ہے”۔55 سالہ پربھات تین بار پولیس کی بہادری کا تمغہ جیتنے والے ہیں اور اپنی سابق کیڈر ریاست آندھرا پردیش کی خصوصی اینٹی نکسل پولیس فورس ‘گری ہانڈز کے سربراہ رہے ہیں۔
انہوں نے سی آر پی ایف میں بڑے پیمانے پر خدمات انجام دی ہیں کیونکہ انہوں نے آئی جی آپریشنز اور اے ڈی جی کے طور پر کشمیر میں تعینات فورس کی بھی سربراہی کی ہے۔حکومت نے بدھ کے روز این ایس جی کے ڈائریکٹر جنرل کے طور پر پربھات کی میعاد کو کم کر دیا اور آندھرا پردیش سے ان کے انٹر کیڈر ڈیپوٹیشن کو اے جی ایم یو ٹی میں بھیجنے کا حکم دیا۔کابینہ کی تقرری کمیٹی(اے سی سی)کی طرف سے جاری کردہ ایک حکم میں کہا گیا ہے کہ وہ وزارت داخلہ (ایم ایچ اے)کی ایک تجویز کو منظوری دے رہی ہے کہ وہ 1992 بیچ کے آئی پی ایس کی بطور نیشنل سیکورٹی گارڈ (این ایس جی)کے ڈی جی کی میعاد کو “کم” کرے۔ آرڈر میں کہا گیا ہے کہ اس نے آندھرا پردیش سے پربھات، آئی پی ایس کے انٹر کیڈر ڈیپوٹیشن کو AGMUT کیڈر میں شامل ہونے کی تاریخ سے تین سال کی مدت کے لیے ابتدائی طور پر یا اگلے احکامات تک، جو بھی پہلے ہو، کی منظوری دی ہے۔