جموں// مختلف مسائل وآلام سے دوچار گوجربکروال قبیلہ نے اہلیان جموں سے طبقہ کے لوگوں کی مال مویشیوں کوپالنے کی صدیوں پرانی روایت کوبرقراررکھنے کیلئے تعاون دینے کی اپیل کی ہے ۔ یہاں ٹرائبل ریسرچ اینڈکلچرل فائونڈیشن کے زیراہتمام ایک تقریب کااہتمام کیاگیاجس میں خانہ بدوش گوجربکروالوں کی موسمی نقل مکانی سے متعلق مسائل پرتبادلہ خیال کیاگیا۔ا س دوران مقررین نے کہاکہ خانہ بدوش گوجربکروال کے لوگوں کو روزمرہ کی زندگی گزربسرکرنے کیلئے انسانی بنیادوں پر ہرطبقہ فکرکی حمایت کی ضرورت ہے ۔اس دوران تقریب کی صدارت نامورگوجرقبائلی اسکالر ڈاکٹرجاویدراہی کررہے تھے۔جاویدراہی نے گوجربکروال طبقہ سے وابستہ لیڈران سے ریاسی میں خانہ بدوشوں پر چندشرپسندعناصرکے حملے کے تناظرمیں غوروفکرکرنے کی اپیل کی ۔ انہوں نے کہاکہ گوجربکروال طبقہ کے لوگ کئی صدیوں سے مال مویشی کوپالنے کاپیشہ اختیارکیے ہوئے ہیں اورموسمی نقل مکانی طبقہ کی ایک قدیم روایت ہے ۔انہوں نے کہاکہ جموں آپسی رواداری ،روایات اورہم آہنگی کاشہرہے اس لیے اہلیان جموں کوچاہیئے کہ وہ خانہ بدوش گوجربکروالوں کو مال مویشیوں کوپالنے کی روایت کوبرقراررکھنے میں تعاون دیں۔انہوں نے جموں،کٹھوعہ، سانبہ، ریاسی اورادھم پور اضلاع کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ خانہ بدوش گوجربکروالوں کو وادی کی طرف نقل مکانی کے دوران تعاون دیں ۔انہوں نے تمام طبقوں اور امن وقانون بحال رکھنے والی ایجنسیوں پر زوردیاہے کہ خانہ بدوش گوجربکروالوں کونقل مکانی کے دوران کسی قسم کی پریشانی کاسامنانہ کرناپڑے کویقینی بنایاجائے۔تقریب کے دورانولی محمد چوہان، راج محمد تیڑواہ، ظفرالحبیب ، احسان چوہدری، ولی ڈھکر ودیگران نے بھی خیالات کااظہارکیا۔