محکمہ ہینڈی کرافٹس کی کوالٹی کنٹرول ونگ کاسرینگر میں کرافٹ شوروموں کا معائینہ
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//محکمہ ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈلوم کشمیر کے کوالٹی کنٹرول ونگ نے کشمیری ہینڈی کرافٹس کے نام پر نقلی مصنوعات کی فروخت کی حوصلہ شکنی کے لئے اَپنی انسپکشن مہم کو جاری رکھتے ہوئے کل یہاں لال چوک اور سٹی سینٹر کے دیگر حصوں میں دستکاری ڈیلروںکا اچانک معائینہ کیا۔کوالٹی کنٹرول انسپکٹروں کی قیادت میں ٹیموں نے شو روم ڈیلروں کو جائز رجسٹریشن اور ہاتھ سے تیار کردہ حقیقی کرافٹ مصنوعات کی فروخت اور ڈسپلے پر سختی سے عمل درآمد کے لئے چیک کیا۔محکمہ نے ہینڈی کرافٹس اور ہینڈلوم سیکٹر سے وابستہ کاروباری گھرانوں پر ایک بار پھر زور دیا ہے کہ وہ کرافٹ ڈیولپمنٹ اِنسٹی چیوٹ اور اِنڈین اِنسٹی چیوٹ آف کارپٹ ٹیکنالوجی لیبز میں اپنی مصنوعات کی جی آئی ٹیگنگ، ٹیسٹنگ اور کیو آر کوڈڈ سرٹیفکیشن کے لئے محکمہ سے رابطہ کریں۔ترجمان نے ہاتھ سے بنی حقیقی مصنوعات کی فروخت پر سختی سے عمل کرنے کے حوالے سے وقتاً فوقتاً جاری کردہ سرکیولر ہدایات پر روشنی ڈالتے ہوئے متنبہ کیا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ٹورسٹ ٹریڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول ایکٹ کی دفعات کے تحت سخت کاررِوائی کی جائے گی جس میں بھاری جرمانہ عائد کرنا اور رجسٹریشن سر ٹیفکیٹ کی منسوخی بھی شامل ہوگی۔